کتاب: منہج اہل حدیث - صفحہ 13
تقریظ
ازفضیلۃ الشیخ عبداللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ
الحمدللّٰہ والصلوۃة والسلام علی رسول اللّٰہ، وبعد
زیرِ نظر رسالۂ نافعہ ہمارے شاگردِرشید شیخ حافظ عثمان صفدر حفظہ اللہ ورعاہ ووفقه لمزیدمافیه حبه ورضاہ کی انتہائی عمدہ اورنفیس کاوش ہے،جسےعلمی حلقوں اوربالخصوص عقیدہ ومنہج کا ذوقِ سلیم رکھنے والوں میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
تیسری اور چوتھی صدی ہجری کے عظیم عالم،جنہیں اپنےد ور میں اہل السنۃ والجماعۃ کے عقیدہ کی امامت کا شرف حاصل تھا،نے عقیدہ کے موضوع پر ایک انتہائی جامع،قیم اور نفیس کتاب بنام(شرح السنۃ) تالیف فرمائی،جو 172فقروں پر مشتمل ہے،ہر فقرہ کسی نہ کسی اہم اعتقادی مسئلہ کی توضیح وتشریح پیش کرتاہے،عصرِ حاضر کے ایک عظیم عالم دین فضیلۃ الشیخ عبداللہ بن صالح العبیلان حفظہ اللہ نے ان میں سے بعض اہم نکات کا انتخاب کیا اور دلائل وبراہین کی روشنی میں ان کی بڑی عمدگی کے ساتھ شرح کردی،اسی شرح کو حافظ عثمان صفدر حفظہ اللہ نےاردوقالب میں ڈھال دیا،نہ صرف یہ کہ ترجمہ کو کافی سمجھا، بلکہ جابجا انتہائی نافع تعلیقات سے کتاب کے حسن وافادہ میں اضافہ کردیا۔فجزاھم اللّٰہ عنا وعن المسلمین خیرالجزاء.
اصل کتاب (شرح السنۃ) کے مؤلف رحمہ اللہ جنہیں امام اہل السنة والجماعة فی عصرہ کے لقب سے نوازاگیا ہے، کانام ابومحمد حسن بن علی بن خلف البربہاری ہے،باعتبار مولد وموطن بغدادی تھے،ان کاعلمی دور قرنِ ثالث کے اواخر اور قرنِ رابع کے اوائل پر محیط ہے، سن 329ہجری میں بغداد ہی میں انتقال فرمایا،ان کی ساری عمر عقیدۂ اہل الحدیث کے دفاع اور علم برداری میں گزری،اہلِ بدعت کی ڈٹ کر تفنید وتردید فرمائی، ان کی دلی خواہش ہمیشہ یہی رہی کہ کتاب وسنت کے پیش کردہ عقیدۂ صافیہ کو اہلِ بدعت کے دسائس و شوائب سے پاک صاف کیاجائے اور ان کے شبہات کا ازالہ کیاجائے،چنانچہ اس دور میں موجود فرقِ منحرِفہ مثلاً: جہمیہ، معتزلہ، اشاعرہ، صوفیہ اور روافض سے زندگی بھر پنجہ آزمائی جاری رہی،ان کی عقیدۂ اہل الحدیث سے محبت اور اہلِ بدعت کے افکار ووساوس سے نفرت کے مظاہرکتاب کےمطالعہ کے دوران جابجا آپ کے سامنے آتے رہیں گے۔
امام ذہبی رحمہ اللہ نےاپنی کتاب (العبر)میں انہیں الفقیہ،القدوة،شیخ الحنابلة بالعراق کے القاب سے ملقب فرمایا ہے،جبکہ امام ابن الجوزی رحمه الله فرماتے ہیں:انہوں نے علم اور زہد دونوں چیزوں کو اپنے اندر جمع کرلیا،اور یہ اہلِ بدعت پر انتہائی شدید تھے۔حافظ ابن کثیررحمہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عالم ،زاھد، واعظ اور الفقیہ الحنبلی کےالقاب سے نوازاہے،مزید فرمایاہے:یہ اہلِ بدعت اور اہلِ معاصی پر انتہائی شدیدتھے، ہرخاص وعام کےدل میں ان کی قدرومنزلت راسخ تھی۔
جہاں تک ان کی کتاب (شرح السنۃ) کا تعلق ہے ،تواس کی اہمیت اس کے موضوع سے عیاں ہوتی ہے،جو کہ عقیدۂ اہل السنۃ