کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد3) - صفحہ 77
آغاز کتاب
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
الحمد للّٰہ الذي یسبح لہ أہل السماوات والأرض ومن فیھن، لا یبغون عنہ حولا، ولا بہ بدلا، والصلاۃ والسلام علی خیر خلقہ محمد وآلہ و صحبہ الذین آمنوا و عملوا الصالحات، و کانت لھم جنات الفردوس نزلا۔
اللہ تعالیٰ، فرشتوں، جن و انس، آسمان و زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے، سب کو میں گواہ بناتا ہوں کہ تہ دل سے میرا عقیدہ یہ ہے:
خالقِ کائنات:
اس جہانِ فانی کا ایک بنانے والا موجود ہے جس نے اس جہان کو عدم سے ایجاد کیا اور قانونِ حکمت پر اس کی ترتیب رکھی۔ اس عالم کا وہ موجد اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہے، جیسا کہ اس کا فرمان ہے:
﴿ اِنَّ رَبَّکُمُ اللّٰہُ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ فِیْ سِتَّۃِ اَیَّامٍ﴾[الأعراف: ۵۴]
[بے شک تمھارا رب اللہ ہے، جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیدا کیا]
مزید فرمایا:
﴿ اَللّٰہُ خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ وَّھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ وَّکِیلٌ﴾[الزمر: ۶۲]
[اللہ ہر چیز کو پیدا کرنے والا ہے اور وہ ہر چیز پر نگہبان ہے]
نیز فرمایا:
﴿ اَفِی اللّٰہِ شَکٌّ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ﴾[إبراھیم: ۱۰]
[کیا اللہ کے بارے میں کوئی شک ہے، جو آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والا ہے؟]
قرآن مجید میں مزید پانچ سو آیات موجود ہیں جو اس کائنات کے بنانے والے کے ثبوت اور اس کی صفات پر دلالت کرتی ہیں، بلکہ فطرتِ انسانی اس دعوے پر برہان و حجت قائم کرنے سے مستغنی ہے۔