کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد3) - صفحہ 432
فرشتوں کو رسالت کے لیے منتخب کیا ہے، جیسا کہ بعض انسانوں کو رسالت کی دولت سے مشرف فرمایا ہے، جیسا کہ ارشاد ہے:
﴿ اَللّٰہُ یَصْطَفِیْ مِنَ الْمَلٰٓئِکَۃِ رُسُلًا وَّ مِنَ النَّاسِ﴾[الحج: ۵۷]
[اللہ تعالیٰ فرشتوں اور انسانوں میں سے بعض کو رسالت کے لیے منتخب فرما لیتا ہے]
جمہور علماے اہلِ حق اس بات پر متفق ہیں کہ خاص فرشتے خاص انسانوں سے افضل ہیں اور جو کچھ اس فقیر پر ظاہر کیا گیا ہے وہ یہ ہے کہ فرشتے کی ولایت نبی کی ولایت سے افضل ہے، لیکن نبوت و رسالت میں نبی کے لیے ایک ایسا درجہ ہے جس تک فرشتہ نہیں پہنچا ہے اور وہ درجہ عنصرِ خاک کی وجہ سے ظاہر ہوا ہے جو بشر کے ساتھ مخصوص ہے۔ اس فقیر پر یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ کمالاتِ ولایت کمالاتِ نبوت کے مقابلے میں کسی گنتی میں نہیں ہیں، کاش کہ ان کے درمیان وہ نسبت ہی ہوتی جو قطرے کو دریاے محیط کے ساتھ ہے، مگر ایسا نہیں ہے۔ پس وہ فضیلت جو نبی کو نبوت کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے وہ اس فضیلت سے کئی گنا زائد ہے جو ولایت کی وجہ سے حاصل ہوتی ہے، لہٰذا فضلیتِ مطلق انبیاے کرام علیہم السلام کا حصہ ہے اور جزئی فضیلت ملائکہ کرام کے لیے ہے۔ پس درست وہی ہے جو علماے کرام رحمہم اللہ نے فرمایا ہے۔ اس تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہو گیا کہ انبیاے کرام علیہم السلام کے درجات میں سے کسی نبی کے درجے تک کوئی ولی نہیں پہنچتا، بلکہ اس ولی کا سر ہمیشہ اس نبی کے قدم کے نیچے ہوتا ہے۔
ان مسائل میں سے ہر ایک مسئلے میں جن میں علما اور صوفیہ کا اختلاف ہے، جب اچھی طرح غور اور ملاحظہ کیا جاتا ہے تو حق علما کی جانب معلوم ہوتا ہے اور اس کا راز یہ ہے کہ علما کی نظر نے انبیاء علیہم السلام کی متابعت کے باعث نبوت کے کمالات اور اس کے علوم میں نفوذ کیا ہے اور صوفیہ کی نظر ولایت کے کمالات اور اس کے معارف تک محدود رہتی ہے۔ لہٰذا وہ علم جو مشکاتِ نبوت سے حاصل کیا جائے وہ لازماً اس علم سے جو مرتبہ ولایت سے اخذ کیا گیا ہو، کئی درجے زیادہ صحیح اور حق ہو گا۔
19۔ ایمان سے مراد، جو کچھ دینی امور سے متعلق ضرورت اور تواتر کے طریق پر ہم تک پہنچا ہے، اس کی دل سے تصدیق کرنا ہے، نیز زبان سے اقرار کرنا بھی ایمان کا رکن ہے، جیسا کہ علما نے کہا ہے، کیونکہ اس کے بغیر ایمان کے منہدم ہونے کا احتمال ہے۔ اس تصدیق کی علامت کفر ، کافری اور اس چیز سے بیزار ہونا ہے جو کافری کے لوازم و خصائص ہیں، جیسے زنار باندھنا اور