کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد3) - صفحہ 345
اللہ تعالیٰ نے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات درست قرار دی ہے کہ بندہ اپنی جان اور اپنے اہل وعیال کے لیے سعی اور کوشش کرے اور اللہ تعالیٰ کے فضل کی جستجو میں رہے، جو شخص اس وجہ سے تارکِ کسب ہے کہ وہ کسب کی حلت کا معتقد نہیں ہے تو وہ مخالفِ سنت ہے۔ اصولِ دین: دین تو صرف یہی اللہ تعالیٰ کی کتاب یا آثارِ سنن اور روایاتِ صحیحہ ہیں جو معتمد لوگوں سے مروی ہیں اور ان کی صحت و قوت معروف وثابت ہے، ان کی مرفوع سند رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچتی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب رضی اللہ عنہم ، تابعین اور تبع تابعین رحمہم اللہ تک متصل ہوتی ہے، یا ان ائمہ مقتدا تک جو سنت کے ساتھ تمسک کرنے والے اور آثار کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ کسی بدعت یا طعن کے ساتھ مشہور نہیں ہیں اور نہ وہ دروغ گوئی کے ساتھ بدنام تھے۔ یہ اہلِ سنت وجماعت کے مذاہب ہیں جو اصحابِ روایت و اثر اور حاملِ سنت وخبر تھے۔ انھیں عقائد کے ساتھ تمسک کرنا چاہیے اور انھیں سیکھنا سکھانا چاہیے، انتھیٰ کلامہ رحمہ اللّٰہ ۔ اس کے بعد حافظ ابن القیم رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ یہ ان اشخاص کا مذہب ہے جو قولاً، عملاً اور اعتقاداً بشارتِ جنت کے مستحق ہیں، و باللّٰہ التوفیق۔ ٭٭٭