کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد3) - صفحہ 128
1۔ حنابلہ:
اس گروہ کے لوگ امام اجل احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی طرف منسوب ہیں اور جمہور ظاہر یہ اور اہلِ حدیث انھیں کے عقائد کے موافق ہیں۔
2۔ ماتریدیہ:
اس گروہ کے لوگ امام ابو منصور ماتریدی رحمہ اللہ کی طرف نسبت رکھتے ہیں جو تین واسطوں سے امام اعظم ابو حنیفہ کوفی رحمہ اللہ کے شاگرد ہیں۔ ماترید سمر قند کا ایک گاؤں ہے۔ ماوراء النہر وغیرہ علاقوں میں انھیں کے عقائد مشہور ہیں اور جمہور حنفیہ عقائد میں انہی کے پیروکار ہیں اور ماتریدیہ کہلاتے ہیں۔
3۔ اشعریہ:
اس گروہ کے لوگ امام ابو الحسن اشعری رحمہ اللہ کی طرف منسوب ہیں جو دس واسطوں سے ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ صحابیِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند ہیں۔ خراسان اور عراق وغیرہ میں انھیں کے عقائد کا رواج ہے اور مالکیہ، شافعیہ اور حنبلیہ انہی کے پیروکار ہیں۔ ماتریدیہ اور اشعریہ میں کل بارہ مسائل میں اختلاف ہے اور باقی مسائل میں اتفاق ہے۔ اسی طرح حنابلہ اور اشعریہ میں صرف دو چار متفرعات میں اختلاف ہے۔ محققین کے نزدیک یہ سب اختلاف لفظی اور نزاع حرفی ہیں، اس لیے یہ گروہ ایک دوسرے کی تکفیر و تضلیل نہیں کرتے۔
سنی وہ ہوتا ہے جو ان عقائد کے موافق ہے، ان کے دائرے سے باہر نہیں ہے اور ان میں سے بھی بہتر وہ شخص ہے جو محدثین کے طریقے کے مطابق ظاہر قرآن و حدیث کے موافق اعتقاد رکھتا ہے، خواہ وہ طریقہ ماتریدیہ کے موافق ہو یا اشعریہ یا حنابلہ کے، پھر وہ شخص ان متکلمین اور مجادلین کے طریقے کے موافق اعتقاد نہیں رکھتا جو دلائل عقلیہ اور براہین فلسفیہ کے خوگر ہیں۔
سببِ تالیف:
ہندوستان میں حنفی مذہب کے رواج کی وجہ سے یہاں عقائد ماتریدیہ رائج ہیں، اس لیے بعض متبعینِ سنت نے یہ خواہش ظاہر کی کہ اردو زبان میں ایک مختصر رسالہ لکھا جائے جو اہلِ حدیث کے طریقے کے موافق ہو اور اس سے اہلِ سنت و جماعت رحمہم اللہ کے عقائد سے متعلق ضروری باتیں بہ خوبی