کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد2) - صفحہ 225
ہوا کہ مرد کو ریشمی کپڑے سے، گو بالکل حریر خالص نہ ہو، کمال احتیاط چاہیے۔ 16۔حدیثِ عمر رضی اللہ عنہ میں فقط دو انگل حریر کی اجازت دی ہے۔ اس کو شیخین نے روایت کیا ہے۔[1] یعنی اگر دو انگل کی گوٹ سنجاف لگا لے تو جائز ہے، اس سے زیادہ نہیں۔ 17۔حدیثِ ابن عمر رضی اللہ عنہما میں فرمایا ہے کہ حریر دنیا میں وہی پہنے گا جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہے۔[2] اس سے معلوم ہوا کہ مرد کے لیے دارائی، اطلس، مشجر، گلبدن اور ریشمی مخمل وغیرہ پہننا اور استعمال کرنا حرام ہے۔ 18۔دوسری حدیثِ ابن عمر رضی اللہ عنہما میں آیا ہے کہ ایک مرد کو دو سرخ کپڑے پہنے دیکھا تو اس نے سلام کیا تو آپ نے اس کے سلام کا جواب نہ دیا۔ اس کو ترمذی اور ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔[3] معلوم ہوا کہ مرد کو سرخ کپڑا پہننا ایسا سخت حرام ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام کا جواب نہ دیا، حالانکہ سلام کا جواب واجب ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ فاسق کے سلام کا جواب دینا بھی اچھا نہیں ہے، تا کہ وہ باز آئے، پھر فاسق سے دوستی محبت رکھنے کا کیا ذکر ہے؟ 19۔عائشہ رضی اللہ عنہا نے ایک غالیچہ لیا، جس میں تصویریں تھیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں نہ گئے اور چہرے پر ناخوشی معلوم ہوئی۔ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ میں اللہ ورسول کے سامنے توبہ کرتی ہوں۔ مجھ سے کیا گناہ ہوا؟ فرمایا: یہ کیسا غالیچہ ہے؟ کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیٹھنے اور تکیہ لگانے کے لیے ہے۔ فرمایا: تصویر بنانے والے قیامت کے دن معذب ہوں گے۔ اُن سے کہا جائے گا کہ جو تم نے پیدا کیا ہے اس میں جان ڈالو، جس گھر میں تصویریں ہوتی ہیں، وہاں ملائکہ نہیں آتے۔ اس کو شیخین نے روایت کیا ہے[4] معلوم ہوا کہ تصویر کو زینت کے لیے گھر میں نہ رکھے، چہ جائیکہ تصویر بنائے، بلکہ ان کو ناپاک سمجھ کر گھر سے دور کر دے، تا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوش ہوں اور رحمت کے فرشتے گھر میں آئیں۔ 20۔ایک بار جبریل علیہ السلام وعدے پر نہ آئے، اس لیے کہ گھر میں کتا اور ایک تصویر دار پردہ تھا۔
[1] صحیح البخاري، رقم الحدیث (۵۸۲۸) صحیح مسلم، رقم الحدیث (۲۰۶۹) [2] صحیح البخاري، رقم الحدیث (۵۸۳۵) صحیح مسلم، رقم الحدیث (۲۰۲۸) [3] سنن أبي داؤد، رقم الحدیث (۴۰۶۹) سنن الترمذي، رقم الحدیث (۲۸۰۸) [4] صحیح البخاري، رقم الحدیث (۵۹۵۷) صحیح مسلم، رقم الحدیث (۲۱۰۵)