کتاب: مجموعہ رسائل عقیدہ(جلد1) - صفحہ 41
11۔دعایۃ الإیمان إلی توحید الرحمان:
نواب صاحب رحمہ اللہ کی یہ کتاب توحید و شرک کی انواع و اقسام اور ان سے متعلقہ تفصیلی دلائل پر مشتمل ہے۔ ’’نواب علیہ الرحمہ نے مقدمہ میں توحید کے اثبات، شریک کی تردید، وجودِ باری تعالیٰ کے دلائل اور بعض دوسرے متعلقہ امور کا مختصر ذکر کیا ہے، پھر پہلے باب میں توحید کی تینوں اقسام اور شرک و نفاق پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، دوسرا باب موحدین و مشرکین کے انجام سے متعلق ہے، تیسرے باب میں دونوں فریق کے درجات و درکات کا بیان ہے، مضمون کی توضیح کے لیے حکایات بھی درج ہیں ، تقلید کی تعریف، اشراک کی اقسام اور علم غیب وغیرہ بھی اسی باب میں مذکور ہیں ، چوتھے باب میں شرک کے بعض احوال، عبادت کی قسموں ، اس کی حکمت اور فوائد کا بیان ہے، پانچویں باب میں شرک پر دو آیتوں کی تفسیر اور بعض حکایات ہیں ، چھٹے باب میں شرک کی بعض دیگر اصناف کا بیان ہے، اسی باب میں استغاثہ، توسل، نذر لغیر اﷲ، ذبح لغیر اﷲ وغیرہ اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے، ساتویں باب کا تعلق شفاعت کی اقسام، جادو کی حرمت، علمِ نجوم کی حرمت، پھر محبتِ الٰہی اور اس کے اسباب سے ہے، اس کے بعد خاتمہ اور اس کا ذیل ہے۔‘‘ [1]
مولف رحمہ اللہ نے اس کتاب کی تالیف ۲۷ محرم ۱۳۰۴ھ کو شروع کی اور اس کا اختتام ماہِ صفر کی چار تاریخ کو ہوا۔
اس کتاب کی اولین طباعت مولف رحمہ اللہ کی زندگی میں ۱۳۰۴ھ کو مطبع شاہ جہانی بھوپال میں ایک سو بہتر (۱۷۲) صفحات میں ہوئی۔ بعد ازاں یہ کتاب جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کویت کے تعاون سے مولانا محمد اعظمی حفظہ اللہ کی تخریج و تسہیل کے ساتھ ستمبر ۲۰۰۵ء کو جامعہ سلفیہ بنارس سے شائع ہوئی اور اب اس طبع کو مزید تسہیل، تخریج اور تصحیح کے ساتھ اس مجموعے میں شاملِ اشاعت کیا جا رہا ہے۔
12۔ التفکیک عن أنحاء التشریک:
اس رسالے میں شرک کی دو قسموں : شرک اکبر و شرک اصغر اور مسئلہ شفاعت پر تفصیلی بحث کی گئی ہے، اسی ضمن میں بعض دیگر مسائل قبر پرستی اور زیارتِ قبور وغیرہ پر بھی اختصار کے ساتھ کلام کیا گیا ہے۔
مولف رحمہ اللہ نے یہ رسالہ بروز بدھ ۱۶ شوال ۱۳۰۵ھ کو ایک دن میں تالیف کیا اور مولف رحمہ اللہ کی زندگی میں یہ رسالہ تیس صفحات میں شائع ہوا تھا۔
[1] ’’دعایۃ الإیمان إلی توحید الرحمن‘‘ عرض ناشر از ڈاکٹر مقتدی حسن ازہری رحمہ اللہ (ص: ۱۳)