کتاب: مجموعہ مقالات و فتایٰ علامہ شمس الحق عظیم آبادی - صفحہ 9
کتاب: مجموعہ مقالات و فتایٰ علامہ شمس الحق عظیم آبادی
مصنف: محمد عزیر شمس
پبلیشر: دار ابی الطیب گوجرانوالہ
ترجمہ:
بسم اللّٰه الرحمن الرحيم
حرفِ آغاز
بر صغیر میں جن علماے کرام نے عقیدۂ توحید کی ترویج و اشاعت اور خدمتِ حدیث میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں ، ان ذی وقار ہستیوں میں محدث العصر علامہ شمس الحق عظیم آبادی رحمہ اللہ (۱۸۵۷۔ ۱۹۱۱ء) کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ آپ نے تدریس و تبلیغ کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کے حوالے سے بھی یادگار نقوش رقم کیے ہیں ، چناں چہ انھوں نے بعض کتبِ حدیث کی شرح لکھی، کسی پر علمی تعلیقات و حواشی سپردِ قلم کیے اور بعض اہم مسائل پر مستقل کتب لکھیں ، جن کی تعداد تقریباً ۳۲ ہے۔
علامہ عظیم آبادی رحمہ اللہ نے وقتاً فوقتاً ضرورت کے پیشِ نظر لوگوں کے سوالات و استفسارات کے جوابات بھی لکھے، جنھیں زیرِ نظر مجموعے میں جمع کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں آپ کے اہم مسائل سے متعلق بعض مقالات و رسائل بھی اس مجموعے میں شامل ہیں ، جن میں عقائد و عبادات اور معاملات سے متعلق اہم موضوعات پر خامہ فرسائی کی گئی ہے۔ ان مقالات و فتاویٰ کی مجموعی تعداد ۶۰ ہے۔
اس مجموعے کو برصغیر پاک و ہند کے معروف محقق اور عالمِ دین فضیلۃ الشیخ مولانا محمد عزیر شمس حفظہ اللہ نے مرتب کیا ہے۔ انھوں نے بڑی جاں فشانی اور عرق ریزی سے مختلف رسائل و جرائد اور لائبریریوں سے جمع کر کے ان فتاویٰ اور مضامین کو ترتیب دیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے علامہ عظیم آبادی رحمہ اللہ کی بعض قلمی نگارشات سے بھی استفادہ کیا ہے۔ کتاب کے آغاز میں انھوں نے ایک مفصل علمی مقدمہ بھی لکھا ہے، جس میں ایک طرف فتویٰ اور اس کے متعلقات پر تحقیقی بحث کی ہے اور دوسری طرف فتاویٰ سے متعلق قدیم و جدید تمام اہم کتب پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
قبل ازیں یہ مجموعہ ۱۹۸۹ء میں شائع ہوچکا ہے۔ اب اس نئی طباعت میں کچھ نئے دستیاب ہونے والے فتویٰ جات بھی شامل کر دیے گئے ہیں اور مندرجہ ذیل بعض اضافات کیے گئے ہیں :