کتاب: مجموعہ مقالات و فتایٰ علامہ شمس الحق عظیم آبادی - صفحہ 76
کے قلمی نسخے خدابخش لائبریری میں موجود ہیں : 18۔تنقیح المسائل۔ یہ علامہ عظیم آبادی کے فتاویٰ کا مجموعہ ہے، جن کی ترتیب و تکمیل وہ اپنی حیات میں نہ کرسکے۔ خوش قسمتی سے اس کے دو مجموعے خدا بخش لائبریری میں زیر رقم ۱۷۶،۱۷۷ (مخطوطات اردو) محفوظ رہ گئے ہیں ، جن میں عربی، اردو اور فارسی زبانوں میں متعدد فتاویٰ موجود ہیں ۔یہ علامہ عظیم آبادی کے علمی و تحقیقی رجحان اور فتویٰ نویسی میں ان کے مخصوص اسلوب پر روشنی ڈالتے ہیں ۔ 19۔الرسالۃ في الفقہ۔ اس کا ایک قلمی نسخہ خدا بخش لائبریری میں زیر رقم ۳۱۸۰ / ۵ موجود ہے، جو ۱۳۱۱ھ میں علامہ کے ہاتھ کا لکھا ہوا ہے۔ اس کے موضوع سے متعلق علم نہ ہوسکا۔ اندازہ ہے کہ یہ بھی ان کے فتاویٰ ہی کا ایک حصہ ہوگا۔ 20۔ھدیۃ اللوذعي بنکات الترمذي۔ اس کتاب کا اکثر علما نے ذکر کیا ہے۔ اس کا ایک ناقص نسخہ بارہ صفحوں پر مشتمل خدا بخش لائبریری میں زیر رقم ۴۲۲۹ موجود ہے۔ یہ در حقیقت جامع ترمذی کے مقدمے کی حیثیت رکھتاہے، جس طرح ’’غایۃ المقصود‘‘ اور ’’التعلیق المغني‘‘ کے شروع میں طویل علمی و تحقیقی مقدمے لکھے تھے۔ اسے علامہ نے سات فصلوں پر تقسیم کیا تھا۔ قلمی نسخے میں صرف ابتدائی تین فصلیں مکمل اور چوتھی فصل ناقص موجو ہے۔ پتا نہیں علامہ اسے مکمل کرسکے تھے یا نہیں ۔ مطبوعہ اور قلمی کتابوں کے بعد یہاں ان تصانیف کا ذکر کیا جا رہا ہے، جن کا تذکرہ خود مولانا نے یا ان کے سوانح نگاروں نے کیا ہے۔ 21۔فضل الباري شرح ثلاثیات البخاري۔ افسوس ہے کہ علامہ اس شرح کو اپنی زندگی میں مکمل نہ کرسکے۔ 22۔النجم الوھاج في شرح مقدمۃ الصحیح لمسلم بن الحجاج۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، یہ مقدمہ صحیح مسلم کی مبسوط شرح ہے۔ علامہ عظیم آبادی نے خود اپنی اس تالیف کا ذکر کیا ہے۔ دوسرے بھی اس کا تذکر ہ کرتے ہیں ۔