کتاب: مجموعہ مقالات و فتایٰ علامہ شمس الحق عظیم آبادی - صفحہ 74
10۔غنیۃ الألمعي۔ یہ مختصر عربی رسالہ ’’المعجم الصغیر للطبراني‘‘ کے ساتھ (ص ۲۴۹۔ ۲۶۳) مطبع انصاری دہلی سے ۱۳۱۱ھ میں شائع ہوچکا ہے۔ اس کا دوسرا ایڈیشن المکتبۃ السلفیہ، مدینہ منورہ سے۱۹۶۸ء میں ٹائپ پر بھی شائع ہوا ہے، جس کے کئی بار فوٹو چھپ چکے ہیں ۔ اس کا ایک قلمی نسخہ بخط مؤلف خدا بخش لائبریری میں زیر رقم ۳۱۸۰؍ ۶ موجود ہے۔ اس میں تین حدیثی اور فقہی امور و مسائل پر گفتگو کی گئی ہے۔پہلا مسئلہ روایتِ حدیث میں ’’لا یثبت ولا یصح‘‘ کافرق، دوسرا مسئلہ نمازمیں سینے پر ہاتھ باندھنا اور تیسرامسئلہ میت کی طرف سے قربانی کرنا شامل ہے۔ 11۔تعلیقات علی إسعاف المبطأ برجال الموطأ۔ رجالِ موطا پر علامہ سیوطی (م ۹۱۱ھ) کی مشہور کتاب ’’إسعاف المبطا ‘‘ پر یہ علامہ عظیم آبادی کی مختصر مفید تعلیق ہے۔ اس میں سیوطی کے بیان پراضافے بھی کیے گئے ہیں اور کہیں کہیں ان کی غلطیوں پر تنبیہ بھی کی گئی ہے۔ علامہ عظیم آبادی نے سیوطی کے اس کم یاب رسالے کو متعدد نسخوں کے مقابلہ و تصحیح کے بعد اپنی تعلیقات کے ساتھ ۱۳۲۰ھ میں مطبع انصاری دہلی سے شائع کیا تھا۔ اس کا قلمی نسخہ بخط مؤلف خدا بخش لائبریری میں زیر رقم ۳۱۸۰ ؍ ۳ موجود ہے۔ 12۔الکلام المبین في الجہر بالتأمین و الرد علی القول المتین۔ یہ رسالہ محمد علی مرز ا پوری کے رسالے ’’القول المتین في إخفاء التامین‘‘ کے جواب میں اردو میں لکھا گیا اور ۱۳۰۳ھ میں مطبع انصاری دہلی سے متوسط سائز کے ۴۴ صفحات پر شائع ہوا تھا۔ 13۔التحقیقات العلیٰ بإثبات فرضیۃ الجمعۃ في القریٰ۔ یہ رسالہ بھی اردو میں ہے اور۱۳۰۹ھ میں مطبع احمدی، پٹنہ سے شائع ہو ا تھا۔ موضوع نام سے ظاہر ہے۔ اس کا قلمی نسخہ خدا بخش لائبریری میں بخط مولف زیر رقم ۳۱۸۰ موجودہے۔ اس کی ایک اشاعت فیصل آباد سے ۱۹۷۸ء میں مولانا عبد الرحمان مبارکپوری کے رسالے ’’نور الابصار‘‘ اور مولانا مولابخش بڑاکری کے رسالے ’’التجمیع في القریٰ‘‘ کے ہمراہ ہوئی ہے۔ 14۔ہدایۃ النجدین إلی حکم المعانقۃ و المصافحۃ بعد العیدین۔ یہ اردو رسالہ ایک استفتا کا جواب ہے، جسے ولی اللہ خان نے مطبع احسن المطابع گوبندعطار،