کتاب: مجموعہ مقالات و فتایٰ علامہ شمس الحق عظیم آبادی - صفحہ 11
بسم اللّٰه الرحمن الرحيم پیش لفظ پیشِ نظر مجموعہ ، علامہ شمس الحق عظیم آبادی (۱۸۵۷ء۔ ۱۹۱۱ء) کے ان تمام اردو، فارسی اور بعض عربی فتاویٰ کے ترجموں پر مشتمل ہے، جو تلاش و جستجو کے بعد قلمی یا مطبوعہ صورت میں دستیاب ہوسکے ہیں ۔ اس مجموعے کی ترتیب و تدوین ہمارے فاضل دوست جناب محمد عُزیرشمس صاحب کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے۔ انھوں نے علامہ عظیم آبادی کی تمام منتشر اور بکھری ہوئی تحریریں بڑی محنت سے جمع کی ہیں ۔ اس سلسلے میں انھیں برصغیر کی مختلف لائبریریوں میں جاکر جو کدوکاوش کرنی پڑی ہے، اس کے لیے وہ ہم سب کی طرف سے شکریے کے مستحق ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انھیں اس کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ اصل فارسی فتاویٰ کی اشاعت کے ساتھ ہم نے مناسب سمجھا کہ اردو داں طبقے کے لیے ان کا اردو ترجمہ بھی اس مجموعے میں شامل کر دیا جائے اور حاشیے میں ان کے ترجمہ ہونے کی صراحت کردی جائے، تاکہ مولف کے اردو اسلوب سے امتیاز باقی رہے۔ پانچ عربی فتاویٰ کے اردو ترجمے بھی اس مجموعے کی زینت ہیں ۔ ہماری خواہش تھی کہ ان کے دیگر عربی رسائل کے اردو ترجمے بھی اس مجموعے میں شامل ہوتے، لیکن چونکہ وہ خالص علمی و فنی مباحث پر مشتمل ہیں ، اس لیے ان کی علاحدہ اشاعت اہل علم کے لیے زیادہ مناسب معلوم ہوئی۔ ان کی طباعت کا کام بھی ہم نے شروع کر دیا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی وہ بھی قارئین کے ہاتھوں میں ہوں گے۔ ان فتاویٰ پر تبصرہ تو اہلِ نظر ہی کرسکتے ہیں ، لیکن جہاں تک ہمیں علم ہے اردو میں اس تفصیل و تحقیق کے ساتھ کسی موضوع پر کلام، فتاویٰ کے مجموعوں میں کم ہی نظر آتاہے۔ ہرمسئلے کے موافق و مخالف دلائل کا تفصیلی جائزہ اور ان پر نقد و تبصرہ، ائمہ اربعہ اور دیگر علما و مجتہدین کے آرا و