کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 745
میت کا ترکہ ورثا کے سپرد کرنا ضروری ہے:
سوال: کوئی مسلمان شخص کسی کے گھر میں مر جائے اور صاحبِ خانہ کے قبضے میں اُس مردہ کی کوئی چیز اسباب ہو تو اس کو کیا کرے؟
جواب: اس صورت میں یہ حکم ہے کہ اولاً اُس مردے کا حتی الامکان وارث تلاش کیا جائے۔ اگر کوئی وارث ٹھہر جائے تو وہ چیز و اسباب اس وارث کے حوالے کر دیں اور اگر حتی الامکان تلاش کرنے کے بعد کوئی وارث نہ ٹھہرا اور اس قدر تلاش کیا کہ اس قدر تلاش کے بعد وارث کے ملنے کی امید باقی نہ ہو تو اُس چیز و اسباب کو خیرات کر دیں ۔ بخاری شریف (۳/ ۲۲۹ چھاپہ مصر) میں ہے:
’’اشتری ابن مسعود جاریۃ، والتمس صاحبھا سنۃ فلم یجدہ، وفقد، فأخذ یعطي الدرھم والدرھمین، وقال: اللّٰهم عن فلان فإن أتی فلان فلي وعلي، وقال: ھکذا فافعلوا باللقطۃ، وقال ابن عباس نحوہ‘‘ اھ
[سیدنا عبد الله بن مسعود رضی اللہ عنہ نے ایک لونڈی خریدی، ایک سال تک اس کے (فروخت کنندہ) مالک کو تلاش کیا، مگر وہ نہ ملا۔ سو اسے گم پا کر انھوں نے اس کی قیمت سے ایک ایک دو دو درہم صدقہ کرنا شروع کر دیا اور کہا: اے اللہ ! یہ (صدقہ) فلاں (اس لونڈی کے فروخت کنندہ مالک) کی طرف سے ہے، اگر وہ فلاں آگیا (اور اس نے میرے اس صدقے کا انکار کیا) تو اس صدقے کا ثواب میرے لیے ہوگا اور اس کو اس کی قیمت دینا میرے ذمے ہوگا اور انھوں نے فرمایا کہ لقطے کے ساتھ بھی یہی کچھ کرو۔ ابنِ عباس رضی اللہ عنہما کا بھی یہی قول ہے]
جو بعض جگہ مردے کا کھانا برادری میں بانٹتے ہیں یا برادری کو کھلواتے ہیں ، جیسا کہ ہندوؤں کے یہاں رسم ہے، شرع شریف میں اس کی کچھ اصل نہیں ہے۔ و اللّٰه أعلم بالصواب۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه
قبضے سے پہلے جائداد تقسیم نہیں کر سکتے:
سوال: 1۔ ایک شخص احمد تھا، اس کے ایک پسر محمود زوجہ اولیٰ سے ہے۔
2۔ احمد نے بعد انتقال زوجہ اولیٰ کے عقدِ ثانی کر لیا، جس کے بطن سے سات پسر متولد موجود ہیں ۔
3۔ احمد نے محمود کے نام کچھ جائداد بھی کسی وجہ سے کھیوٹ کرا دیا تھا۔
4۔ اب محمود خواستگار تقسیم جائداد ہے اور احمد اب تک باحیات مستعار قائم ہے تو محمود جائداد تقسیم پانے کا مستحق ہے یا نہیں ؟ اگر ہے تو کس طرح حصص شرعیہ ہوسکتا ہے یا بعد انتقال احمد کس طرح برادران مختلف بطن میں شرعاً حصص ہوگا، نیز جائداد محمود میں پسران بطنِ ثانی کے حصہ پانے کے مستحق ہوں گے؟
جواب: اگر احمد کا مطلب محمود کے نام جائداد کے کھیوٹ کر دینے سے جائداد مذکورہ کا محمود کو ہبہ کر دینا ہے تو اس