کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 717
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مناقب و محامد کے یہ لوگ منکر ہیں اور مجلسِ میلاد مروجہ محدثہ سے از حد اعتقاد رکھتے ہوں وغیرہ وغیرہ، حیلہ جلسہ میلاد شریف کے ذریعے سے، یعنی مولود کا نام لے کر جمع کرنا اور ان کو اسی مجلس محدثہ کا بعنوان احسن رد سنانا اور واقعی سچے سچے صحیح صحیح مناقب و محامد اور معجزات آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سنانا اور دیگر مسائل ضروریہ کی طرف ترغیب دلانا جائز ہے یا نہیں اور جو شخص اس طریقے سے وعظ کہنے کو گمراہوں کا طریقہ بتلائے اور ایسا کرنے والوں کو بدعتی فاسق سمجھے اور مجلس مولود مروجہ محدثہ کے ارتکاب کا الزام لگائے وہ کیسا ہے؟ اشتہار یہ ہے:
جلسہ وعظ میلاد شریف
اے عاشقانِ محبانِ رسول! اگر آپ کو اپنے سچے پیغمبر کی ذرا سی بھی سچی محبت ہے تو میری اس خوش خبری کو جو اپنے لیے محض فلاحِ دارین ہے، گوشِ دل سے سنیے۔ ہمارے سچے پیغمبر سید المرسلین، خاتم النبیین کا ارشاد ہے کہ ایسی مجلس ایسے جلسوں کو خدا کے مقرب فرشتے کی جماعت ڈھونڈتی پھرتی ہے کہ جہاں خدا کا ذکر اور اس کے سچے پیغمبر پر درود پڑھا جاتا ہو اور اس مجلس میں بیٹھ کر ذکرِ خدا کے سننے والوں کے لیے خدا کے فرشتے دعاے مغفرت کرتے ہیں ۔ بھلا آپ خیال تو فرمائیے کہ جس کے لیے خدا کے فرشتے دعاے مغفرت کریں ، وہ اس جلسہ سے گنہگار جا سکتا ہے؟ ہر گز نہیں ۔
اے برادرانِ دینی! میں آپ کو بشارت دیتا ہوں کہ آج کل اس شہر کلکتہ میں نائب رسول فاضل اکمل و بے مثل مولانا مولوی حافظ حاجی عبد التواب صاحب غزنوی تشریف لائے ہوئے ہیں ۔ آپ کا بیان جادو کی طرح اثر کرنے والا، دلوں کو ہلا دینے والا، واقعی ایسا ہے کہ ممکن نہیں کہ جس میں ذرا سی بھی بو مسلمان کی ہو اور آپ کا بیان سن کر بے ساختہ نہ رونے لگے۔ یہ محض فضل خدا کا عنایت کیا ہوا ہے۔ آپ حافظ قرآن ہیں اور اس پر مستزاد یہ ہے کہ ہمارے محبوب سید المرسلین کی احادیثِ شریفہ کے بھی حافظ ہیں ۔ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ جس کا سینہ کلامِ ربانی اور حدیثِ نبوی سے منور ہو، اس کا بیان کس قدر پُر اثر پُردرد ہوگا؟ آپ نے ہزارہا مرتبہ مولود شریف اور وعظ سن کر فائدے اٹھائے ہوں گے، مگر مولانا صاحب ممدوح جس جس خوبی سے سرور کائنات، شفیع المذنبین، خاتم النبیین کے معجزات اور آپ کا ذکرِ ولادت بیان فرمائیں گے، آپ سن کر ہونٹ چاٹتے رہ جائیں گے۔ ممکن نہیں کہ آپ کے پُردرد، پُرزور، حیرت انگیز، دلوں کو ہلا دینے والا، سوتوں کو چونکا دینے والا بیان سن کر ہوش نہ آجائے اور اپنی عاقبت کی درستی کی فکر نہ کرے۔
اے اہلِ اسلام! آپ کی ایسی حالت پر صد افسوس اور ایسی زندگی کو کف افسوس مل کر گزارنے پر کہ آپ جیسے ہادی بر حق کی ہدایت سے محروم رہ جائیں ۔ چونکہ یہ منشا ہے کہ عوام برادرانِ اسلام اس نعمت غیر مترقبہ سے محروم نہ رہ جائیں ، اس لیے عام حضرات کی فرصت کا یہ دن یعنی اتوار کی صبح آٹھ بجے حافظ جمال الدین صاحب کی مسجد جائے جلسہ مولود شریف قرار دی گئی ہے، یعنی مسجد جمال الدین (واقعہ بازار سٹینڈ دریہ پٹی) میں ۱۹؍ اگست ۱۹۰۸ء مطابق ۱۱؍ رجب ۱۳۲۶ھ روز اتوار ۸ بجے صبح سے مولانا موصوف کا بیان شروع ہوگا۔ امید ہے کہ ہر مسلمان اس جلسہ میں شریک ہو کر فلاحِ دارین حاصل کرے گا۔ خیر خواہ احمد حسین مقیم۔ کولو ٹولہ۔