کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 715
﴿ وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا﴾ [سورۂ آل عمران، رکوع: ۱۱] ’’ الله کی رسی کو، یعنی الله کے حکموں اور قانون کو سب مل کر خوب مضبوط پکڑے رہو۔ الله کے حکموں اور قانون کی پابندی میں سب ایک جماعت ہو کر رہو اور فرقہ فرقہ نہ بنو۔‘‘ یعنی جماعت میں پھوٹ نہ ڈالو اور جماعت کو درہم برہم نہ کرو اور اس میں کچھ شک نہیں کہ مذکورہ صدر لوگوں نے اس حکم اور قانون کی خلاف ورزی کی، ایک جماعت ہو کر نہ رہے، بلکہ شخص مذکور بالا کے طرف دار ہو کر جماعت میں پھوٹ ڈال دی اور جماعت کو درہم برہم کر دیا، پس یہ لوگ اس وجہ سے بھی گنہگار ہوئے، لہٰذا ان سب کو چاہیے کہ توبہ کر کے اس گندگی سے پاک ہو کر آپس میں مل کر الله کے بندے اور بھائی بھائی بن جائیں ۔ و اللّٰه تعالیٰ أعلم۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه (۲۰؍ صفر ۱۳۳۲ھ) ٭٭٭