کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 497
فتح القدیر میں جس صبیہ سے زوج ثانی کے ابناء کا نکاح حلال بتایا گیا ہے، صحیح ہے، اس لیے کہ اس صورت میں صبیہ مذکورہ اور ابناے زوج ثانی میں کوئی رشتہ نسبی یا رضاعی موجود نہیں ہے، بخلاف صورتِ سوال کے کہ اس میں درمیان فاطمہ اور بکر کے رضاعی رشتہ موجود ہے کہ فاطمہ بکر کی رضاعی بھتیجی ہے، جو محرمات ابدیہ سے ہے۔ و اللّٰه تعالیٰ أعلم۔ (کتبہ: ۲۰؍ ذی الحجہ ۱۳۳۱ھ) سوال: ایک عورت فاطمہ نے زید اور ہندہ کو دودھ پلایا۔ یہ دونوں بھائی اور بہن رضاعی ہوئے۔ اب ہندہ کی دختر سے زید کا نکاح جائز ہے یا نہیں ؟ دودھ پلانے کی شہادت عینی نہیں ہے، مگر بعض لوگوں کا خیال و گمان ایسا ہے کہ زید و ہندہ نے فاطمہ کا دودھ پیا ہے، نیز اگر زید و ہندہ کا نکاح ہوگیا ہو اور قبل از نکاح ایسے وہم و گمان کی خبر معلوم نہ ہوئی ہو اور نہ لوگوں کو وقت نکاح کے یا قبل از نکاح کے یہ خیال پیدا ہوا ہو، بلکہ بعد از نکاح تو یہ عقدِ نکاح جائز ہے اور کہاں تک شرع شریف میں ایسے وہم و خیال کی پابندی کی جا سکتی ہے؟ جبکہ زید اور ہندہ کے والدین کو یاد نہ ہو اور نہ کوئی شہادت اور چشم دید ہو، محض بعض لوگوں کے وہم و گمان کی بنا پر نکاح فسخ کیا جا سکتا ہے اور طلاق دینا ایسی صورت میں ضروری ہے یا نہیں ؟ جواب: الله تعالیٰ نے سورت نساء میں محرمات کا ذکر فرما کر فرمایا:﴿ اُحِلَّ لَکُمْ مَّا وَرَآئَ ذٰلِکُمْ﴾ یعنی ان مذکورہ بالا عورتوں کے سوا کل عورتیں تمھارے لیے حلال ہیں ، تو جب تک کوئی کافی ثبوت اس بات کا نہ ملے کہ زید اور ہندہ دونوں باہم رضاعی بھائی بہن ہیں ، تب تک ہندہ کی دختر زید پر حرام نہیں ہوسکتی، کیونکہ کوئی حلال چیز بلا دلیل محض وہم و خیال و گمان سے حرام نہیں ہو سکتی، جیسا کہ کوئی حرام چیز محض وہم و خیال و گمان سے حلال نہیں ہوسکتی۔ و الله أعلم کتبہ: محمد عبدالعزیز (۱۴؍ ذوالحجہ ۱۳۳۰ھ)۔ الجواب صحیح۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه (۱۴؍ ذو الحجہ ۱۳۳۰ھ) کون سی رضاعت نکاح میں مانع ہے؟ سوال: زید کی شادی خالد کی ہمشیرہ زینب کے ساتھ ہوئی۔ کچھ مدت کے بعد خالد کی زوجہ نے کہا کہ میں نے زید کو اس کی والدہ کی بیماری کی حالت میں دودھ پلایا ہے۔ زید ماہ اساڑہ میں پیدا ہوا اور میں ماہ اگہن میں اپنے میکے گئی اور ماہ جیٹھ میں میکے سے واپس آئی اور جس وقت میں میکے سے واپس آئی، زید کی والدہ بیمار تھی اور میں نے بیماری کی حالت میں دودھ پلایا ہے اور مجھے خیال ہے کہ دو برس کے بعد دودھ پلایا ہے اور ایک عورت کہتی ہے کہ خالد کی بیوی نے زید کو دودھ پلایا ہے، لیکن مجھے معلوم نہیں کہ مدتِ رضاعت میں پلایا ہے یا اُس کے بعد؟ ان دونوں عورتوں کے سوا اور کوئی شہادت نہیں ہے۔ اب اس صورت میں زید کا نکاح صحیح ہوا یا نہیں ؟ فقیر محمدچودھری۔ موضع دودھونیاں ۔ ڈاکخانہ رامدت گنج۔ ضلع بستی