کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 46
مجلسِ میلاد کو جائز بتایا ہوتا تو البتہ اس کے جواز کی گنجایش تھی، لیکن نبوت کو تو الله تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم کر دیا، نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اب تک کوئی نبی آیا اور نہ آیندہ کبھی آ سکتا ہے تو پھر اس مجلس کا کرنا کیونکر جائز ہوسکتا ہے؟
ہدایہ میں ہے کہ طلوعِ فجر کے بعد سنتِ فجر سے زیادہ کوئی اور نفلی نماز پڑھنا مکروہ ہے اور اس کی وجہ یہی بتائی ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے باوجود نماز پر حریص ہونے کے اس سے زیادہ اور کوئی نفلی نماز نہیں پڑھی:
"ویکرہ أن یتنفل بعد طلوع الفجر بأکثر من رکعتي الفجر، لأنہ علیہ السلام لم یزد علیھما مع حرصہ علی الصلاۃ"(ہدایۃ: ۱/ ۸۲)
نیز ہدایہ میں ہے کہ عید گاہ میں جا کر قبل نمازِ عید کے کوئی نفلی نماز نہ پڑھے اور اس کی وجہ بھی یہی بتائی ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے باوجود نماز پر حریص ہونے کے عیدگاہ میں قبل نمازِ عید کے کوئی نفل نماز نہیں پڑھی:
"ولا یتنفل في المصلیٰ قبل صلاۃ العید، لأن النبي صلی اللّٰه علیہ وسلم لم یفعل ذلک مع حرصہ علی الصلاۃ"(ہدایۃ: ۱/ ۱۵۵) کتبہ: محمد عبد اللّٰه (۱۳؍ ربیع الاول ۱۳۳۱ھ)
الجواب صحیح۔ کتبہ: ابو یوسف محمد عبدالمنان غازی پوری، مدرس مدرسہ ریاض العلوم دہلی۔
صوفیہ کی ایک بدعی تلقین:
سوال: وقتِ تلقین صوفیہ کرام مریدوں کو یہ تلقین کرتے ہیں کہ تم اپنے دل کے اندر خدا کا تصور کرو اور ضرب ’’ الله ، الله ‘‘ کا مارو، زبان کو جنبش نہ ہو۔ اس ترکیب سے دل ذاکر ہوجاتا ہے اور تجربہ سے بھی یہ بات دیکھی گئی ہے، پس شریعت سے اس بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب: جو طریقہ اس سوال میں مذکور ہے، جہاں تک میں جانتا ہوں یہ کوئی اسلامی طریقہ نہیں ہے، بلکہ یہ طریقہ غیر ملت والوں سے ماخوذ ہے، جیسا کہ کتاب "بستان المذاہب"سے واضح ہوتا ہے۔ کسی آیت یا حدیث میں یہ طریقہ تلقین نہیں بتایا گیا ہے۔ واللّٰه تعالیٰ أعلم۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه (ذو الحجہ ۱۳۲۶ھـ)
کیا مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے پیرو کار مسلمان ہیں ؟ [1]
سوال: کیا مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے پیرو کار مسلمان ہیں ؟
جواب: میں نے ان اوراق [2] کو اول سے آخر تک پڑھا اور مرزا کے عقائد و مقالات کو اس کی اصل تصانیف میں بھی
[1] دیکھیں : ’’پاک و ہند کے علماے اسلام کا اولین متفقہ فتوی‘‘ (ص: ۹۶) دار الدعوۃ السلفیہ لاہور۔
[2] ان اوراق سے مراد وہ فتواے تکفیر ہے، جو شیخ الاسلام مولانا محمد حسین بٹالوی رحمہ اللہ نے مرزا غلام قادیانی کے عقائد و نظریات کی بابت حضرت میاں صاحب نذیر حسین محدث دہلوی رحمہ اللہ کی خدمت میں پیش کیا اور میاں صاحب نے قرآن و سنت کے دلائل کی روشنی میں مرزائی عقائد کو الحاد و زندقہ قرار دیا۔ بعد ازاں مولانا بٹالوی رحمہ اللہ نے مذکورہ فتوے پر ملک بھر کے دو صد علما کی تصدیقات حاصل کیں اور اسے شائع کیا۔ مرزا غلام قادیانی نے بھی اس فتوے کا اپنی کئی کتب میں ذکر کیا ہے، مثلاً دیکھیں : روحانی خزائن (۱۶/ ۴۳۸)