کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 420
کی خالہ کو نکاح میں اکٹھا نہ کیا جائے]
کون کون عورتیں حرام ہیں ، اس کی تفصیل دیکھنا ہو تو سورۃ النسا رکوع سوم و چہارم ملاحظہ ہو۔
کتبہ: محمد عبد اللّٰه ۔ الجواب صحیح عندي۔ أبو محمد إبراہیم، غفرلہ ولوالدیہ۔ جواب صحیح ہے۔ محمد عبدالغفار۔ (مہر مدرسہ)
سگی چچی سے نکاح کا حکم:
سوال: ایک شخص نے اپنی سگی چچی سے نکاح کیا ہے، باوجود یکہ چچا زاد بہن بھی اس عورت کی طرف سے ہے، اس صورت میں اس عورت سے نکاح کرنا ازروئے شرع شریف درست ہوگا یا نہ؟ بینوا تؤجروا!
جواب: سگی چچی سے اس وقت نکاح درست نہیں ہے جبکہ چچا زاد بہن اسی چچی کے بطن سے اس شخص کے نکاح میں ہو، کیونکہ ساس سے نکاح درست نہیں ہے۔
﴿وَ اُمَّھٰتُ نِسَآئِکُمْ﴾ [سورۂ نساء، رکوع ۴]
’’اور تمھاری بیبیوں کی مائیں تم پر حرام کی گئی ہیں ۔‘‘
اگر چچا زاد بہن اس شخص کے نکاح میں نہیں ہے یا ہے، لیکن اس چچی کے بطن سے نہیں ہے تو اس صورت میں سگی چچی سے نکاح درست ہے:
﴿وَ اُحِلَّ لَکُمْ مَّا وَرَآئَ ذٰلِکُمْ﴾ [سورۂ نساء، رکوع: ۴] و اللّٰه أعلم بالصواب۔
[اور تمھارے لیے حلال کی گئی ہیں جو ان کے سوا ہیں ] کتبہ: محمد عبد اللّٰه
چچیرے بھائی کی بہو سے نکاح کا حکم:
سوال: اپنے چچیرے بھائی کی بہو سے نکاح جائز ہے یا نہیں ؟
جواب: چچیرے بھائی کی بہو سے نکاح جائز ہے، اس لیے کہ یہ اُن عورتوں میں سے نہیں ہے، جن سے نکاح حرام ہے، پس بحکم آیتِ کریمہ:﴿وَ اُحِلَّ لَکُمْ مَّا وَرَآئَ ذٰلِکُمْ﴾ (سورۂ نساء، رکوع: ۴) [اور تمھارے لیے حلال کی گئی ہیں جو ان کے سوا ہیں ] نکاح اس عورت سے حلال ہے۔ و اللّٰه أعلم بالصواب۔ کتبہ: محمد عبد اللّٰه
بی بی کی پھوپھی محرم ہے یا غیر محرم؟
سوال: بی بی کی پھوپھی محرم ہے یا غیر محرم؟
جواب: بی بی کی پھوپھی غیر محرم ہے۔ محرم وہ ہے جس سے نکاح ہمیشہ کو حرام ہو، جیسا ماں بیٹی، بہن، اپنی پھوپھی، خالہ، بھتیجی، بھانجی وغیرہ اور بی بی کی پھوپھی سے نکاح اسی وقت حرام ہے جب تک بی بی نکاح یا عدت میں ہے اور جب عدت گزر گئی تو اس کی پھوپھی سے نکاح حلال ہے۔