کتاب: مجموعہ فتاویٰ - صفحہ 396
جواب: ایسا شخص جس کی ایسی شادی یا غمی میں شریک نہ ہونے یا دعوت قبول نہ کرنے سے لوگوں کو تنبیہ ہونے کی امید ہو تو بہ نیت تنبیہ ان لوگوں کی اُس شادی یا غمی میں شریک نہ ہو اور ایسا شخص جس کے وہاں جا کر وعظ و نصیحت کرنے سے امید ہو کہ وہ لوگ اس کی نصیحت مان جائیں گے، اس کو اس شادی یا غمی میں شریک ہونا جائز ہے۔
متعدد خاوندوں والی عورت جنت میں کس کو ملے گی؟
سوال: کتاب ’’بہشت نامہ‘‘ میں حضرت رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت ہے کہ یہاں دنیا میں جس عورت نے کئی شوہر کیے ہوں گے، پہلے جس کے نکاح میں ہوئی ہوگی، وہی شوہر اس کو روزِ قیامت میں بہشت میں ملے گا۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر یہ مسئلہ راست ہے تو بیوؤں سے عقد ثانی کرنا محض فعل بے فائدہ ہے۔
جواب: کتاب ’’بہشت نامہ‘‘ یہاں موجود نہیں ہے کہ دیکھا جائے کہ کیسی کتاب ہے اور کس کی تصنیف ہے اور جو روایت لکھی ہے، حدیث کی کس معتبر کتاب سے لکھی ہے، لیکن شیخ الاسلام حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ’’التلخیص الحبیر في تخریج أحادیث الرافعي الکبیر‘‘ (ص: ۲۸۵ چھاپہ دہلی) میں امام بیہقی سے حذیفہ رضی اللہ عنہ کا یہ قول نقل فرمایا ہے کہ جس عورت نے دنیا میں کئی شوہر کیے ہوں گی، قیامت میں وہ عورت پچھلے شوہر کو ملے گی۔ تلخیص الحبیر کی عبارت یہ ہے:
’’المرأۃ لآخر أزواجھا في الدنیا‘‘[1] [یعنی وہ عورت اپنے آخری دنیوی خاوند کو ملے گے]
یہ قول حذیفہ کا اگرچہ ظاہراً موقوف ہے، لیکن حکماً مرفوع ہے۔ کما تقرر في الأصول۔
سوال: زید نے ہندہ کے ساتھ نکاح کیا، بعد چند روز یا چند ماہ یا چند سال قبل تولد اولاد یا بعد تولد اولاد زید کا انتقال ہوا۔ بعدہ بعد عدت ہندہ نے نکاح ثانی عمرو کے ساتھ کر لیا، اب اس میں دو صورتیں ہیں ، ایک یہ کہ روزِ قیامت کے حساب کے بعد، مثلاً: زید بہ باعث نکوکاری جنتی ہوا اور ہندہ برعکس اس کے اور دوسرے صورت یہ کہ زید و ہندہ دونوں جنتی ہوے، بہر کیف جنت میں ہندہ زید کو ملے گی یا عمرو کو؟
مرسلہ: احمد محمدی از مکان مولوی غلام یحییٰ صاحب وکیل ہائیکورٹ۔ الٰہ آباد۔
جواب: بعض روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت کو اختیار دیا جائے گا، جس کو چاہے اختیار کر لے اور بعض روایت سے مستفاد ہوتا ہے کہ جو شوہر دنیا میں اس کے ساتھ حسنِ خلق کے ساتھ زیادہ برتاؤ رکھتا تھ[2] بعض سے ظاہر ہوتا ہے کہ آخری شوہر کو دی جائے گی۔[3] (معجم طبرانی و مسند بزار و طبقات ابن سعد) و الله أعلم بالصواب۔
کتبہ: ابو الفیاض محمد عبدالقادر اعظم گڈھی مؤی۔ مہر مدرسہ (۲۵/۹/ ۹۴)
[1] یہ حدیث مرفوعاً بھی مروی ہے۔ دیکھیں : السلسلۃ الصحیحۃ، رقم الحدیث (۱۲۸۱)
[2] المعجم الکبیر (۲۳/ ۳۶۷) امام ہیثمی فرماتے ہیں : ’’رواہ الطبراني وفیہ سلیمان بن أبي کریمۃ ضعفہ أبو حاتم وابن عدي‘‘
[3] المعجم الأوسط (۳/ ۲۷۵) السلسلۃ الصحیحۃ، رقم الحدیث (۱۲۸۱)