کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 818
باب الکاف الکاف الشاف في تحریر أحادیث الکشاف۔ الکافي في القراء ات السبع: یہ ابو محمد اسماعیل بن احمد السرخسی الہروی رحمہ اللہ (المتوفی: ۴۱۴؁ھ) کی تالیف ہے۔ابن الصلاح رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ میں نے اس کو دیکھا ہے،یہ چند جلدوں میں ہے۔بہ ہرحال یہ ایک نفع مند کتاب ہے،جو بہت سے علم کو محیط ہے۔نیز اس نام سے ابو عبداللہ محمد بن شریح بن احمد الرعینی الاشبیلی (المتوفی: ۴۷۶؁ھ) کی بھی ایک تالیف ہے۔ الکامل في القراء ات الخمسین: یہ ابو القاسم یوسف بن علی بن عبادہ الہذلی المغربی رحمہ اللہ (المتوفی: ۴۵۸؁ھ) کی پچاس قراء توں پر مشتمل تالیف ہے۔مولف نے اس میں کہا ہے کہ میں نے اربابِ اختیارات میں سے تین سو پچپن (۳۵۵) امام جو سبعہ عشرہ کے رتبے کو پہنچے ہوئے تھے،دیکھے ہیں۔پہلے اس نے دس اور پھر پچاس قراء توں کا ذکر کیا ہے۔ملا کاتب رحمہ اللہ کا کہنا ہے کہ وہ ایسا شخص ہے،جس نے مشرق سے مغرب تک سفر کیا،بہت سے ملکوں کی سیاحت کی،غزنہ وغیرہ میں علم حاصل کیا،حتیٰ کہ وہ وراء النہر میں بھی جا پہنچا اور اپنی کتاب’’الکامل‘‘ تالیف کی۔اس میں مولف نے ایک ہزار چار سو انسٹھ روایات اور طرق کے ساتھ ائمہ سے پچاس قراء تیں جمع کیں۔ کتاب الجمان في مشبھات القرآن: یہ عبداللہ بن محمد المعروف بہ البندار رحمہ اللہ کی تالیف ہے۔ کتاب السبعۃ: یہ ابن مجاہد احمد بن موسیٰ البغدادی المقری رحمہ اللہ (المتوفی: ۳۲۳؁ھ) کی سات متواتر قراء توں پر تالیف ہے۔اس کتاب کے پہلے شارح ابو علی فارسی رحمہ اللہ (المتوفی: ۳۷۷؁ھ) ہیں،جنھوں نے تین جلدوں میں اس کی شرح لکھی اور اس کا نام’’حجۃ‘‘ رکھا۔نیز ابن خالویہ نحوی رحمہ اللہ (المتوفی: ۳۷۰؁ھ) نے بھی اس کی شرح کی ہے۔