کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 795
طوالع الأنوار: یہ شیخ امام احمد بن محمد بن خضر المدعو بہ نور الدین الکازرونی الشافعی رحمہ اللہ کی جلالین کی طرح مختصر تفسیر ہے،اس کو تفسیر الاخوین بھی کہتے ہیں۔ الطود الراسخ في المنسوخ والناسخ: یہ شیخ علم الدین علی بن محمد بن عبدالصمد السخاوی رحمہ اللہ (المتوفی: ۶۴۳؁ھ) کی قراء ت پر تالیف ہے۔ طیبۃ النشر في القراء ات العشر: یہ شیخ شمس الدین محمد بن محمد الجزری رحمہ اللہ کی منظوم تالیف ہے،اس کا آغاز ان الفاظ سے ہوتا ہے:’’الحمد للّٰہ علیٰ ما یسرہ من نشر منقول حروف العشرۃ۔۔۔الخ‘‘ مولف نے اپنی یہ تالیف شعبان ۷۹۹؁ھ کو روم میں مکمل کی اور وہ ۸۳۳؁ھ کو وفات پا گئے،پھر ان کے بیٹے احمد رحمہ اللہ نے اس کی شرح لکھی۔الشیخ ابو القاسم محمد النویری المالکی رحمہ اللہ (المتوفی: ۸۵۷؁ھ) اور الشیخ زین الدین عبدالدائم الازہری رحمہ اللہ نے بھی اس کی شرح لکھی ہے۔ باب الظاء المعجمۃ ظا سے شروع ہونے والے نام کی علمِ تفسیر میں کوئی کتاب معلوم نہیں ہوئی۔