کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 702
تفسیر أبي الحسن،علی بن اسماعیل الاشعری (المتوفی: ۳۲۰؁ھ) ان کی یہ تفسیر کافی ضخیم اور جامع تفسیر ہے۔ تفسیر أبي الحسن،علی بن عبداللہ الانصاری المالکی رحمہ اللہ (المتوفی: ۵۶۷؁ھ) تفسیر أبي حیان،اس کا نام ہے:’’البحر المحیط‘‘ اس کا ذکر پہلے گزر چکا ہے۔ تفسیر أبي ذر،حافظ علامہ عبد (بغیر اضافت کے) بن احمد بن محمد الہروی المالکی رحمہ اللہ (المتوفی: ۴۳۶؁ھ) تفسیرأبي السعود،باب الالف میں اس کا ذکر گزر چکا ہے،اس تفسیر کا نام’’إرشاد العقل السلیم‘‘ ہے۔ تفسیر أبي طالب الکرماني،(المتوفی: ۵۲۱؁ھ) تفسیر أبي العالیۃ الریاحي،اس تفسیر کو ربیع بن انس رحمہ اللہ نے روایت کیا ہے۔ تفسیر أبي عمرو العراقي،ان کا لقب’’البستان‘‘ ہے۔ثعلبی رحمہ اللہ نے کہا ہے:’’أجازني بجمیعہ‘‘ [انھوں نے مجھے پوری کتاب کی اجازت دی ہے] تفسیر أبي العباس السمان،قاضی رے رحمہ اللہ،یہ تفسیر تیرہ جلدوں میں ہے۔ تفسیر أبي اللیث،نصر بن محمد الفقیہ السمرقندی الحنفی رحمہ اللہ (المتوفی: ۳۸۳؁ھ) ان کی یہ تفسیر ایک مشہور،لطیف اور مفید کتاب ہے۔شیخ زین الدین قاسم بن قطلوبغا حنفی رحمہ اللہ نے اس کی احادیث کی تخریج کی ہے۔شہاب احمد بن محمد معروف بہ عرب شاہ رحمہ اللہ (المتوفی: ۸۵۴؁ھ) نے اس تفسیر کا ترکی میں ترجمہ کیا ہے۔ تفسیر أبي القاسم بن حبیب۔ثعلبی رحمہ اللہ کا کہنا ہے:’’سمعت منہ غیر مرۃ‘‘ [میں نے یہ تفسیر ان سے کئی مرتبہ سنی ہے] تفسیر أبي القاسم،عبداللہ بن احمد بلخی حنفی معروف بہ کعبی معتزلی رحمہ اللہ (المتوفی: ۳۱۹؁ھ) یہ تفسیر گیارہ جلدوں میں ہے۔یہ ایک ضخیم تفسیر ہے اس جیسی تفسیر پہلے نہیں لکھی گئی۔ تفسیر أبي مخلّد۔ تفسیر أبي معشر،عبدالکریم بن عبدالصمد طبری رحمہ اللہ (المتوفی: ۴۷۸؁ھ)
[1] کشف الظنون (۱/ ۴۴۰)