کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 662
اسی طرح شیخ عبداللہ بن عبداللہ الترجمان رحمہ اللہ کی تالیف’’تحفۃ الأریب في الرد علیٰ أہل الصلیب‘‘ مذہبِ نصاریٰ پر ایک عمدہ کتاب ہے۔یہ کتاب نو ابواب پر مشتمل ہے،اس کتاب کے مولف نصاریٰ کے فضلا میں سے تھے۔جب انھوں نے اسلام قبول کیا تو انھوں نے چاہا کہ وہ اباطیلِ نوامیس،تناقضِ اناجیل اور ان کی عقلوں کا بگاڑ نقل و عقل کے ساتھ با دلائل واضح کریں۔چنانچہ انھوں نے مذکورہ بالا اپنی کتاب تالیف کی۔اس کتاب میں سب سے پہلے انھوں نے اپنے شہر اور اپنی نشو و نما کا ذکر کیا،اس کے بعد اپنی رحلت اور سفر کا ذکر کیا،پھر ابو العباس احمد،حاکمِ تونس اور اس کے بیٹے ابو فارس عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہم کے دور میں اپنے اسلام قبول کرنے کا ذکر کیا ہے۔وہ ۸۲۳؁ھ میں اس کتاب کی تالیف سے فارغ ہوئے۔ نیز شیخ ابو البقا صالح بن حسین جعفری رحمہ اللہ نے ایک کتاب لکھی ہے،جس کا نام ہے’’تخجیل من حرّف الإنجیل‘‘ اس کتاب کی تلخیص شیخ ابو الفضل مالکی مسعودی رحمہ اللہ نے لکھی ہے۔وہ ۹۴۲؁ھ میں اس کتاب کی تالیف سے فارغ ہوئے۔اصل کتاب کا آغاز یوں ہوتا ہے:’’الحمد للّٰہ الواحد الذي لا یتکثر بالأعداد…الخ‘‘ یہ کتاب دس ابواب پر مشتمل ہے۔ اسی طرح شیخ ابو العباس احمد بن ابی المحاسن عبدالحلیم بن عبدالسلام بن تیمیہ الحرانی رحمہ اللہ (المتوفی: ۷۲۸؁ھ) کی تالیف ہے،جس کا نام ہے:’’التخجیل لمن بدل التوراۃ والإنجیل‘‘ اس کا آغاز یوں ہوتا ہے:’’الحمد للّٰہ الذي فطرنا علیٰ دین الإسلام‘‘ ایسے ہی عربی و فارسی میں کئی ایک کتابیں اور رسالے ہیں،جو اس موضوع پر تالیف کیے گئے اور انھوں نے شہرت پائی۔ان میں سے بعض تو بہت خوب ہیں۔واللّٰہ یھدي من یشاء إلیٰ صراط مستقیم۔ اناجیل کی کئی تفسیریں ہیں،ان میں سے ایک تفسیر الیا بن ملکون جاثلیق کی ہے۔علماے اسلام نے قدیماً و حدیثاً ہر صدی اور زمانے میں مذہبِ نصاریٰ کے رد پر کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا،لیکن جہالت،تعصب اور حکومت کے مفاسد بہت زیادہ ہیں۔سچ فرمایا ہے باری تعالیٰ نے: ﴿وَ اِذَا قِیْلَ لَہُ اتَّقِ اللّٰہَ اَخَذَتْہُ الْعِزَّۃُ بِالْاِثْمِ فَحَسْبُہٗ جَھَنَّمُ وَ لَبِئْسَ الْمِھَادُ﴾ [البقرۃ: ۲۰۶]
[1] الفوز الکبیر (ص: ۳۶)