کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 571
قرآن مجید کے مکرر قصوں کا بیان: قرآن مجید میں جو قصے بار بار مذکور ہیں،وہ یہ ہیں : 1۔آدم علیہ السلام کی پیدایش،ملائکہ کاان کو سجدہ کرنا،شیطان کااس سجدے سے انکار کر کے ملعون ہو جانا اور اس کے بعد سے بنی آدم کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنا۔ 2۔نوح،صالح،ابراہیم،لوط اور شعیب علیہم السلام کا اپنی اپنی قوم سے توحید،امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے بارے میں مباحثوں کا قصہ۔ 3۔موسیٰ علیہ السلام کا فرعون اور بنی اسرائیل کے نادانوں کے ساتھ مباحثے کا قصہ۔ 4۔داود اور سلیمان علیہما السلام کی خلافت کا قصہ اور ان کے معجزات و کرامات کا بیان۔ 5۔ایوب اور یونس علیہما السلام کی مصیبت کا تذکرہ۔ 6۔زکریا علیہ السلام کی دعا قبول ہونے کا واقعہ۔ 7۔عیسیٰ علیہ السلام کا قصہ۔ یہ تمام قصے مختلف طرز سے کہیں بہ طورِ اختصار اور کہیں بہ طورِ تفصیل قرآن کی سورتوں کے اسلوب کے اقتضا کے مطابق بیان ہوئے ہیں۔ غیر مکرر قصوں کا بیان: وہ قصے جو قرآن مجید میں ایک یا دو جگہ مذکور ہیں،درج ذیل ہیں : 1۔ادریس علیہ السلام کا آسمان پر اٹھایا جانا۔ 2۔ابراہیم علیہ السلام کا نمرود سے مباحثہ اور مناظرہ کرنا۔ 3۔ان کا اللہ تعالیٰ کی طرف سے پرندوں کو زندہ کرتے دیکھنا۔ 4۔ابراہیم علیہ السلام کا اپنے فرزند کو ذبح کرنا۔ 5۔یوسف علیہ السلام کا قصہ۔ 6۔موسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا قصہ۔ 7۔ان کو دریا میں ڈالے جانے کا قصہ۔