کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 345
کہتے ہیں کہ یہ آیت اس آیت: ﴿اِلَّا الَّذِیْنَ یَصِلُوْنَ اِلٰی قَوْمٍ بَیْنَکُمْ وَ بَیْنَھُمْ مِّیْثَاقٌ﴾ [النساء: ۹۰] [مگر وہ لوگ جو ان لوگوں سے جا ملتے ہیں کہ تمھارے درمیان اور ان کے درمیان عہد و پیمان ہے] سے منسوخ ہے،لیکن یہ بھی تخصیص کے باب سے ہے،نسخ سے نہیں۔ انیسویں آیت: ﴿اِلَّا الَّذِیْنَ یَصِلُوْن،الخ﴾ [النساء: ۹۰] [مگر وہ لوگ جو ان لوگوں سے جا ملتے ہیں ] کہتے ہیں کہ یہ آیت آیتِ سیف سے منسوخ ہے۔ابو داود،ابن منذر،ابن ابی حاتم،نحاس اور بیہقی رحمہ اللہ علیہم سنن میں سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت لائے ہیں کہ اس آیت کو آیتِ براء ت ﴿فَاِذَا انْسَلَخَ الْاَشْھُرُ الْحُرُمُ فَاقْتُلُوا الْمُشْرِکِیْن﴾ [التوبۃ: ۴] [پس جب حرمت والے مہینے نکل جائیں تو ان مشرکو ں کو قتل کرو] نے منسوخ کیا ہے۔بعض نے کہا ہے کہ یہ اجماع سے منسوخ ہے۔بہت سے اہلِ علم اس کے عدمِ نسخ کی طرف گئے ہیں اور اسے تخصیص کے باب سے شمار کرتے ہیں۔[1] بیسویں آیت: ﴿فَاِنِ اعْتَزَلُوْکُمْ فَلَمْ یُقَاتِلُوْکُمْ﴾ [النساء: ۹۰] [تو اگر وہ تم سے الگ رہیں اور تم سے نہ لڑیں ] کہتے ہیں کہ یہ آیت آیتِ سیف سے منسوخ ہے۔اسے عبدالرزاق،ابن جریر،ابن المنذر اور ابن ابی عاصم رحمہ اللہ علیہم نے قتادہ رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔نیز ابن جریر،حسن اور عکرمہ رحمہ اللہ علیہم سے اس آیت کے بارے میں روایت لائے ہیں کہ انھوں نے کہا کہ براء ت نے اسے منسوخ کر دیا ہے،[2] لیکن اکثر مفسرین کے نزدیک یہ آیت غیر منسوخ ہے۔ اکیسویں آیت: ﴿سَتَجِدُوْنَ اٰخَرِیْنَ یُرِیْدُوْنَ اَنْ یَّاْمَنُوْکُم﴾ [النساء: ۹۱]
[1] دیکھیں : فتح القدیر (۱/ ۷۸۸) [2] تفسیر الطبري (۴/ ۱۹۹)