کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 327
((إِنَّ اللّٰہَ غَفَرَ لِہٰذِہِ الْاُمَّۃِ مَا حَدَّثَتْ بِہِ أَنْفُسُھَا)) [1] (أحمد و مسلم و أبوداؤد) ابن جریر،ابن المنذر اور ابن ابی حاتم رحمہ اللہ علیہم ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ﴿لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ وَ اِنْ تُبْدُوْا مَا فِیْٓ اَنْفُسِکُمْ﴾ اتری تو اصحابِ رسول پر بڑی دشوار گزری،چنانچہ وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور زانو کے بل کھڑے ہوگئے اور کہا کہ اے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمیں ان اعمال کا مکلف بنایا گیا ہے،جن کی طاقت رکھتے ہیں،یعنی نماز و روزہ اور جہاد وصدقہ۔اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ آیت اتری ہے اور ہم اس کی طاقت نہیں رکھتے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم چاہتے ہو کہ کہو: جیسے اہلِ کتاب نے تم سے پہلے کہا: ﴿سَمِعْنَا وَ عَصَیْنَا﴾ [البقرۃ: ۹۳] [ہم نے سنا اور نہیں مانا] بلکہ کہو: ﴿سَمِعْنَا وَ اَطَعْنَا غُفْرَانَکَ رَبَّنَا وَ اِلَیْکَ الْمَصِیْرُ﴾ [البقرۃ: ۲۸۵] [ہم نے سنا اور ہم نے اطاعت کی،تیری بخشش مانگتے ہیں اے ہمارے رب! اور تیری ہی طرف لوٹ کر جانا ہے] تو جب قوم نے یہ آیت پڑھی اوراس کے ساتھ ان کی زبانیں لرزیں،تو اﷲتعالیٰ نے اس کے بعد یہ آیتِ کریمہ اتاری: ﴿اٰمَنَ الرَّسُوْلُ بِمَآ اُنْزِلَ اِلَیْہِ مِنْ رَّبِّہٖ﴾ [البقرۃ: ۲۸۵] [رسول اس پر ایمان لایا جو اس کے رب کی جانب سے اس کی طرف نازل کیا گیا ] اور جب اسے ادا کر دیا تو اﷲتعالیٰ نے ﴿لَایُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَھَا﴾ اخیر تک اتار دی۔[2] ترمذی،نسائی،ابن ماجہ،ابن جریر،ابن المنذر،حاکم اور بیہقی رحمہ اللہ علیہم نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ایسے ہی مرفوعاً روایت کیا ہے اور انہوں نے اس روایت میں یہ اضافہ کیا ہے کہ پھر اﷲتعالیٰ نے یہ آیت اتاری: ﴿رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَآ اِنْ نَّسِیْنَآ اَوْ اَخْطَاْنَا﴾ [اے ہمارے رب! ہم سے مواخذہ نہ کر اگر ہم بھول جائیں یا خطا کر جائیں ] تو اﷲ تعالیٰ نے فرمایا: ((قَدْ فَعَلْتُ))[میں نے کر دیا،یعنی نسیان اور خطا پر مواخذہ نہیں کروں گا]
[1] صحیح البخاري،رقم الحدیث (۴۹۶۸) صحیح مسلم،رقم الحدیث (۱۲۷) سنن أبي داؤد،رقم الحدیث (۲۲۰۹) مسند أحمد (۲/ ۳۹۳) [2] صحیح مسلم،رقم الحدیث (۱۹۹) مسند أحمد (۲/ ۴۱۲) تفسیر الطبري (۳/ ۹۵)