کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 310
کتبِ لغت میں سے صحاح جوہری اور قاموس وغیرہ دیکھی گئی،مگر کسی جگہ اس مادے میں سلبی معنی برآمد نہیں ہوا۔نواب نے داد انصاف دیا اور فرمایا: تمہارا اعتراض درست ہے اور اس تقریب میں گرم جوشی دکھائی اور اس علامہ کو اپنی رفاقت میں لے لیا۔یہ بات اوائلِ تحصیل کی ہے۔پھر اس کے بعد دوسری تفاسیر پر عبورحاصل ہوا اور علم ہوا کہ شمس الائمہ اس پر ہیں کہ ہمزہ اِطاقت ہمزہ سلب ہے اور کچھ علما نے ان کی توجیہ کو مستحسن قراردیا ہے اور کچھ دوسرے علمانے اعتراض کیا ہے۔انتھیٰ۔بہرحال آیت کے عدمِ نسخ کا پلہ صاحبِ’’الفوزالکبیر‘‘ کی توجیہ اور صحابہ کی ایک جماعت کے قول وفعل کے موافق نسخ پر بھاری ہے۔واللّٰہ أعلم۔ بارھویں آیت: ﴿وَ قَاتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ الَّذِیْنَ یُقَاتِلُوْنَکُمْ وَ لَا تَعْتَدُوْا﴾ [البقرۃ: ۱۹۰] [اور اللہ کے راستے میں ان لوگوں سے لڑو جو تم سے لڑتے ہیں اور زیادتی نہ کرو] کہا گیا ہے کہ یہ آیت اس آیت: ﴿فَمَنِ اعْتَدٰی عَلَیْکُمْ فَاعْتَدُوْا عَلَیْہِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدٰی عَلَیْکُم﴾ [البقرۃ: ۱۹۴] [پس جو تم پر زیادتی کرے،سو تم اس پر زیادتی کرو،اس کی مثل جو اس نے تم پر زیادتی کی ہے] سے اور اس ارشاد: ﴿وَ قَاتِلُوا الْمُشْرِکِیْنَ کَآفَّۃً﴾ [التوبۃ: ۹] [اور مشرکوں سے ہر حال میں لڑو] سے منسوخ ہے،یعنی پہلی آیت میں علی الاطلاق اضرار سے روک دیاگیا ہے اور دوسری آیت میں مکافات کے طور پر اعتدا کو جائز کیاگیا ہے،لہٰذا دوسری آیت پہلی آیت کی ناسخ ہوگی۔ امام شوکانی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ اہلِ علم کے درمیان اس میں اختلاف نہیں ہے کہ ہجرت سے پہلے اﷲ کے ارشاد: ﴿فَاعْفُ عَنْھُمْ وَ اصْفَحْ﴾ [المائدۃ: ۱۳] [انھیں معاف کر دے اور ان سے در گزر کر] اور اس کے ارشاد: ﴿وَاھْجُرْھُمْ ھَجْرًا جَمِیْلًا﴾ [المزمل: ۱۰] [اور انھیں چھوڑ دے خوبصورت طریقے سے چھوڑنا] اور اس کے ارشاد: ﴿لَسْتَ عَلَیْھِمْ بِمُیصَیْطِرْ﴾ [الغاشیۃ: ۲۲] [تو ہرگز ان پر کوئی مسلط کیا ہوا نہیں ] اور اس کے ارشاد: ﴿اِدْفَعْ بِالَّتِیْ ھِیَ اَحْسَنُ﴾ [المؤمنون: ۹۶] [اس طریقے سے برا ئی کو ہٹا جو سب سے اچھا ہے] وغیرہ کے ذریعے،جو مکے میں اترے ہیں،قتال سے روکاگیا تھا۔پھر جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینے کی طرف ہجرت کی تو اﷲ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قتال کا حکم دیا اور یہ مذکورہ بالا آیت اتری۔کہتے ہیں کہ جو آیت پہلے اتری وہ اﷲ کا یہ ارشاد: ﴿اُذِنَ لِلَّذِیْنَ