کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 177
8۔مندرجہ ذیل وظیفے کی مداومت بھی رویت کے حصول کا سبب بنتی ہے: ’’اللہم صل علیٰ روح محمد في الأرواح وصل علی جسد محمد في الأجساد وصل علی قبر محمد في القبور‘‘ [اے اللہ! روحوں میں سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی روح پر درود بھیج،جسموں میں سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم پر درود بھیج اور قبروں میں سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر پر درود بھیج] 9۔جو شخص جمعے کے دن مندرجہ ذیل درود ہزار بار پڑھے گا،وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے گا: ’’اللہم صل علی محمد النبي الأمي وآلہ‘‘ [اے اللہ! نبی امی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر درود بھیج] اگر وہ پہلے جمعے کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ دیکھ سکے تو پانچ جمعوں تک یہ عمل کرے،ان شاء اللہ مسرت پائے گا۔ 10۔شبِ جمعہ کو دو رکعت نماز پڑھے،ہر رکعت میں گیارہ بار آیۃ الکرسی اور گیارہ بار سورۃ الاخلاص پڑھے،پھر سلام کے بعد سو بار یہ درود پڑھے: ’’اللہم صل علی محمد النبي الأمي وآلہ وصحبہ وسلم‘‘ [اے اللہ! نبی امی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر درود و سلام بھیج] وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار سے مشرف ہو گا۔اگر اس کے نصیب میں ہے تو تین جمعوں سے تجاوز نہ کرے گا۔بعض فقرا کا یہ مجرب عمل ہے۔[1] وللّٰہ الحمد۔ 11۔شبِ جمعہ میں دو رکعت نفل پڑھے،ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ پڑھنے کے بعد پچیس بار سورۃ الاخلاص پڑھے،پھر ہزار بار یہ درود بھیجے: ’’صلی اللّٰہ علی النبي الأمي‘‘ [اللہ تعالیٰ نبی امی پر درود بھیجے] وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے گا۔یہ بھی مجرب عمل ہے۔ 12۔سعید بن عطار رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ جو شخص پاک بستر پر سوتے وقت یہ دعا پڑھ کر دائیں ہاتھ کو سرہانہ بنا کر سو جائے،وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے گا:
[1] اس طرح کی نمازوں پر تبصرے کے لیے دیکھیے: مولف امام رحمہ اللہ کی بے مثل تالیف’’نزل الأبرار بالعلم المأثور من الأدعیۃ والأذکار‘‘ (ص: ۱۹۱) [مولانا عطاء اﷲ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ ]