کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 176
[اے اللہ اپنی تمام معلومات کے برابر ہمارے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اور ان کی آل پر درود و سلام بھیج] بہت سے لوگوں نے مذکورہ بالا طریقے سے نماز ادا کر کے سورۃ الکوثر پڑھنے کا تجربہ کیا تو انھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا خواب میں دیدار کیا۔ بعض مشائخ نے کہا ہے کہ جو شخص جمعے کے دن آدھی رات کے وقت سورت قریش ہزار بار پڑھ کر باوضو سو جائے،وہ خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھے گا اور اس کا ہر مقصود حاصل ہو گا۔کہا گیا ہے کہ یہ بہت بڑا مجرب نسخہ ہے۔[1] انتھیٰ۔ 6۔شیخ محمد نازلی رحمہ اللہ نے تفصیل کے ساتھ لکھا ہے کہ انھوں نے مدینہ منورہ کی مجاورت کے زمانے میں ایک بار رب العزت کو اور کئی بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا ہے،پھر کہا ہے کہ میں نے ۱۲۶۱؁ھ میں مدرسہ محمدیہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تھا۔وللّٰہ الحمد پھر ۱۲۸۳؁ھ میں دیکھا تھا۔[2] میں کہتا ہوں کہ اہل اللہ اور اہلِ محبتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور اہلِ حدیث کو دوسرے اہلِ اسلام کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رویت زیادہ ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ ہم جیسے فقیروں کو بھی اس نعمت سے محروم نہ رکھے۔اللہم آمین۔ سحر کرشمۂ وصلش بخواب میدیدم زہے مراتب خوابے کہ بہ ز بیداریست [سحری کے وقت اس کے وصال کے کرشمے کو میں خواب میں دیکھتا ہوں،کیا ہی صاحبِ مقام و مرتبہ ہے،یہ خواب جو بیداری سے بہتر ہے] 7۔شیخ عبدالحق دہلوی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رویت کا شرف حاصل کرنے کا ایک سبب مندرجہ ذیل وظیفے پر مداومت و ہمیشگی کرنا اور طہارت کے ساتھ پڑھنا ہے: ’’اللہم! صل علیٰ محمد وآلہ وسلم کما تحب وترضیٰ لہ‘‘ [اے اللہ! محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کی آل پر اتنا درود بھیج جتنا تو پسند کرتا ہے اور جتنے سے ان کے لیے راضی ہے]
[1] مصدر سابق۔ [2] مصدر سابق۔