کتاب: مجموعہ علوم القرآن - صفحہ 175
اس معاملے میں تمام انبیا یکساں ہیں۔شیطان حالتِ بیداری یا حالتِ نیند میں کسی پیغمبر کی صورت نہیں دھار سکتا،تاکہ حق کے ساتھ باطل مشابہ نہ ہو۔ خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرنے کے لیے کچھ وظائف درج ذیل ہیں : 1۔جمعے کی رات کو دو رکعت نماز پڑھے،ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ پڑھنے کے بعد پندرہ بار آیت الکرسی،پھر ہزار بار درود بھیجے،وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے گا۔[1] بعض اہلِ علم نے کہا ہے کہ جس نے خواب میں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا،اس کا خاتمہ اچھا ہو گا،اس کو شفاعت نصیب ہو گی،اسے جنت ملے گی،اللہ تعالیٰ اسے اور اس کے والدین کو بخش دے گا،بشرطیکہ وہ مسلمان ہوں۔اس پر موت کی سختیاں آسان ہو جائیں گی،اس سے عذابِ قبر دور کر دیا جائے گا،وہ قیامت کے دن کی ہولناکیوں سے امن میں ہوگا،اللہ تعالیٰ اپنے لطف و کرم سے اس کی دنیا و آخرت کی تمام حاجات پوری کرے گا۔ 2۔جمعے کی رات کو دو رکعت نماز پڑھے،سورۃ الفاتحہ پڑھنے کے بعد ایک بار آیۃ الکرسی اور پندرہ بار سورۃالاخلاص پڑھے،پھر سلام پھیر کر ہزار بار درود بھیجے۔وہ اس رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھے گا،دوسرا جمعہ آنے نہیں پائے گا کہ وہ مشرف بہ رویت ہو گا۔ 3۔امام زہری رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ جو شخص جمعے کی رات کو نہا کر دو رکعت پڑھے گا اور ان میں ہزار بار ﴿قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ﴾ قراء ت کرے گا،وہ حضرت کو خواب میں دیکھے گا۔[2] (ذکرہ السیوطی في خصائصہ) 4۔بعض علما نے کہا ہے کہ جمعے کے دن ہزار بار سورۃ القدر پڑھنا موت سے پہلے خواب میں رویت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا موجب ہے۔سورۃ الکوثر کا بھی یہی خاصا ہے،مگر اس کے ساتھ ہزار بار درود بھی پڑھے۔ 5۔شیخ محمد نازلی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے ان الفاظ کے ساتھ اس کا تجربہ کیا ہے: ’’اللہم صل وسلم علیٰ سیدنا محمد وعلی آل سیدنا محمد بعدد کل معلوم لک‘‘[3]
[1] یہ بات اور اس طرح کی دوسری چیزیں جو اس سلسلے میں بیان ہوئی ہیں تجربوں سے متعلق ہیں جو شرعی ثبوت کو لازم نہیں۔[مولانا عطاء اﷲ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ ] [2] تاریخ دمشق (۹/ ۳۰۱) [3] خزینۃ الأسرار (ص: ۱۷۳)