کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 89
اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو الگ بھی کر دیا جائے تو پھر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب تک زمین کے کسی خطے میں زندہ اور موجود رہیں گے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود کی برکت کے سبب تمام روئے زمین میں خرقِ عادت عذاب نہیں آئے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ شریف سے نکلے تو چاہیے تھا کہ کافروں پر عذاب نازل ہوتا، لیکن ایسا نہیں ہوا، اس لیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم زمین میں زندہ موجود تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے سبب تمام روئے زمین پر عذاب نہیں آیا۔ بخلاف دوسرے نبیوں کے کہ وہ جس جگہ موجود ہوں ، وہاں سے ان کو علاحدہ کر کے عذاب نازل کیا جاتا تھا۔ طلبِ نظائر کے لیے قرآن مجید سے خصوصاً سورۃ الانبیاء کا مطالعہ کرنا چاہیے، اس امر کی وضاحت ہو جائے گی کہ یہ بڑی عظیم الشان فضیلت ہے۔ دنیا سے خرقِ عادت عذاب رکنے کی زیادہ تفصیل آیندہ آیت میں مذکور ہے۔ سید الکونین صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت تمام جہانوں کے لیے رحمت ہے چودھویں آیت: ﴿وَ مَا اَرْسَلْنٰکَ اِلَّا رَحْمَۃً لِّلعَالَمِیْنَ﴾ [الأنبیاء :۱۰۷] ’’مَا‘‘ نافیہ ہے اور ’’أَرْسَلْنٰکَ‘‘ جملہ فعلیہ مستثنیٰ منہ’’اِلَّا رَحْمَۃً لِّلعَالَمِیْنَ‘‘ مستثنیٰ ’’اِلَّا‘‘ حرف استثنا اور ’’رَحْمَۃً‘‘ ’’أَرْسَلْنَا‘‘ جملہ کا مفعول لہ ہونے کی وجہ سے منصوب ہے اور عالمین جمع ہونے کی وجہ سے تمام جہان والوں کو شامل ہے، خواہ وہ حیوانات ذوی العقول ہوں یا غیر ذوی العقول، نباتات ہوں یا جمادات۔ رحمت کے معنی پیار اور نرمی کے ہیں جو قہر اور غضب کے صریح خلاف ہے، یعنی جہاں رحمت موجود ہو، وہاں غضب اور قہر و عذاب نہیں آ سکتا۔ پس معنی یہ ہوئے کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم !ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہان والوں پر رحمت کرنے کے لیے بھیجا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت جہان پر رحمت کرنے کی علت ہے تو جس طرح اللہ تعالیٰ بموجب وصف رب العالمین کے تمام جہان والوں کا رب ہے، کوئی چیز اس کی ربوبیت سے باہر نہیں ، اسی طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت تمام جہان والوں پر رحمت ہونے کا سبب ہے۔ یہ تو ہے آیت کا مطلب، اب ہم کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ سارے جہان والوں پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے کیسے رحمت ہوئی؟ سابقہ انبیا کی رسالت تو صرف ان کی قوم کے لیے تھی، بخلاف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کے کہ وہ رحمت تمام جہان والوں کو محیط ہے، یعنی جیسے پہلے انبیا کے کفار