کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 81
کہ اس کے تمام اجزا پر ہر حال میں عمل ہو سکتا ہے۔ عذر اور مجبوریاں ہر مذہب میں ملحوظ رکھی گئی ہیں ۔ تفصیل اس اجمال کی یہ ہے۔ پادری صاحب! بتائیے عیسائی مذہب نے دیوانے آدمی کا جو دیوانگی کی حالت میں مر جائے، اسی طرح چھوٹا لڑکا جس کو بلوغت اور عقل سے قبل موت آ چکی ہو اور جس کو عیسائی مذہب کی تبلیغ نہ پہنچی ہو، کیا انتظام کیا ہے؟ باتوں میں ٹال مٹول نہ کرنا، انجیل سے دکھانا، لیکن ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ ایسے آدمیوں کے متعلق آپ انجیل سے کوئی فیصلہ نہیں دکھا سکتے اور عالمگیر مذہب کی آپ نے اس لیے ایسی غلط تعریف کی ہے جو محض اعتقادات پر ہی صادق آئے اور عمل اس سے باہر رہے، لیکن اس کے برخلاف ہم انجیل کے وہ مقامات دکھاتے ہیں جن میں اعمال پر زور دیا گیا ہے۔ چنانچہ حضرت مسیح شاگردوں سے فرماتے ہیں کہ اگر تم میرے حکموں پر عمل کرو گے تو میری محبت میں قائم رہو گے۔ (یوحنا، باب ۱۵، درس ۱۰)
اس سے ظاہر ہے کہ جو مسیح علیہ السلام کے حکموں پر عمل نہیں کرتا، وہ ان کی محبت میں قائم نہیں ، بلکہ ان کا دشمن ہے۔ یعنی عمل کی زبردست تاکید کی۔ علاوہ ازیں ،مسیح علیہ السلام کے حواری یعقوب کا عام خط جو انجیل میں شامل ہے، اس میں لکھا ہے: ’’اے میرے بھائیو! اگر کوئی کہے کہ میں ایماندار ہوں مگر عمل نہ کرتا ہو تو کیا فائدہ؟کیا ایسا ایمان اسے نجات دے سکتا ہے ؟‘‘ (یعقوب، باب ۲، درس ۱۴ )
پھر کہتا ہے: ’’اسی طرح ایمان بھی، اگر اس کے ساتھ اعمال نہ ہوں ، تو اپنی ذات سے مردہ ہے۔ تو اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ خدا ایک ہے، خیر اچھا کرتا ہے، شیاطین بھی ایمان رکھتے اور تھرتھراتے ہیں ، مگر اے نکمے آدمی! کیا تو یہ بھی نہیں جانتا کہ ایمان بغیر اعمال کے بے کار ہے؟ غرض جیسے بدن بغیر روح کے مردہ ہے، ویسے ہی ایمان بھی بغیر عمل کے مردہ ہے۔ (یعقوب، باب۲، درس ۱۷ تا ۲۶)
یہ الہامی عبارات ایسی صاف و واضح ہیں کہ کسی تشریح و توضیح کی محتاج نہیں ہیں ۔ جس ایمان پر پادری صاحب قائم ہیں ، وہ انھیں نجات نہیں دے سکتا، کیونکہ ان کے ساتھ اعمال نہیں ، اس ایمان اور شیاطین کے ایمان میں تو کوئی فرق نہیں ۔ ایسا ایمان اس آدمی کی مثال ہے جس میں روح نہیں ، یعنی جیسے مردے کی لاش کسی کام نہیں آ سکتی، ایسا ہی بغیر اعمال کے ایمان بے کار اور کالعدم ہے۔ ناظرین! انجیل میں اعمال پر کس قدر زور دیا گیا ہے کہ محض اعتقاد رکھنے والے کو، جو اعمال سے دور رہتا ہے، بے ایمان سے ملقب کیا ہے۔ پادری صاحب عیسائیوں کو اعمال سے آزاد کر کے جس قدر چاہیں آزادی دے دیں