کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 549
حائل ہو کر اپنی من مانی کاروائیاں کر رہے ہیں ؟ پھر جس کاتب نے جب بھی کبھی کوئی کمی بیشی کی تو اس کا ثبوت مکمل طور پر پیش کیا جانا چاہیے کہ فلاں کاتب نے فلاں وقت میں اتنی آیات نکال کر بائبل کو لکھا اور پھر اس کے بعد فلاں کاتب نے پھر ان آیتوں کو بائبل میں داخل کر دیا، پھر یہ بات بھی سامنے آ جانی چاہیے کہ کاتبوں کی کاٹ چھانٹ پر آپ کے کلیسا کا ردِ عمل کیا رہا ہے؟ اگر کلیسا نے کاتب کی اس حرکت کو پسندیدہ نگاہ سے دیکھا ہے تو بھی معلوم ہونا چاہیے اور اگر اس حرکت پر ناراضی کا اظہار کیا ہے تو بھی اس بات کا مکمل ثبوت ہونا چاہیے، کیونکہ اگر کوئی کاتب بذاتِ خود اپنی مرضی سے بائبل میں تحریف کرے تو کبھی ہو نہیں سکتا کہ عیسائی دنیا میں ہلچل نہ مچ جائے اور در اصل وہ کاتب ہے بھی عدالت کی سزا کے لائق جو الہامی کتاب میں کمی بیشی کرتا ہے۔ لیکن عیسائی حضرات ایک واقعہ بھی ایسا پیش نہیں کر سکتے جس سے یہ ثابت ہو کہ فلاں وقت میں فلاں کاتب کو کمی بیشی کرنے کی بنا پر کلیسا نے یہ سزا دی ہے۔ کاتب بے گناہ ہیں : در اصل یہ کاتب طبقہ ہے بھی بالکل بے گناہ، کیونکہ یہ حضرات محنتی اور مزدور دار ہوتے ہیں اور پھر اس کے بعد امانت دار بھی ہوتے ہیں ، کیونکہ اگر یہ ہر کتاب میں اپنی من مانی خیانت کریں تو ان کا کاروبار بالکل ہی ختم ہو جائے اور کوئی بھی ان سے کتاب تو کجا معمولی سی تحریر بھی نہ لکھائے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کلیسا کی طے شدہ تحریف اور لکھا ہوا مسودہ جو ان کاتب حضرات کو ملا، انھوں نے حرف بحرف لکھ دیا اور انھوں نے کبھی بھی اس میں سے کچھ نہ نکالا اور نہ شامل کیا۔ پھر اگر یہ کاتب حضرات ہر کتاب میں کمی بیشی کے عادی ہوتے تو آج تک کوئی کتاب ان کی دست درازیوں سے محفوظ نہ ہوتی، لیکن جب ہم آج سے پہلے کی تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو ہم کو صرف بائبل ہی ایک ایسی کتاب نظر آتی ہے جو بقول آپ کے کاتبوں نے تحریف کر ڈالی ہو۔ اس کے علاوہ دنیا کی کوئی کتاب ایسی نہیں ہے جس سے کاتب کی خیانت کا پتا چلتا ہو۔ پھر کاتب حضرات کو بھی ہمارا مشورہ ہے کہ آپ بھی عیسائی حضرات سے پوچھ کر اپنی پوزیشن صاف کریں ، ورنہ یہ الزام آپ کے فنِ کتابت پر مستقل داغ ہے۔
[1] صحیح مسلم، رقم الحدیث (۲۲۷۶) [2] صحیح البخاري، رقم الحدیث (۴۰۲۷) [3] ہمارے پاس یہ اڈیشن بصورتِ فوٹو کاپی موجود ہے، جس میں دس ہزار کا لفظ لکھا ہوا ہے۔ [خاور رشید]