کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 53
سے کہتے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہاں تشریف لانا نہایت ہی افضل و برتر ہے۔ علاوہ ازیں آسمانوں پر جس نبی علیہ السلام سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات ہوتی وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی صالح کہہ کر پکارتے تھے۔ [1] صالح ایک ایسا جامع وصف ہے جس میں تمام اوصافِ عالیہ و خصائلِ کریمہ جمع ہو جاتے ہیں ۔ انبیاعلیہم السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو صالح کہہ کر یہ ثابت کر دیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان سب سے بلند پایہ و فائق تر ہیں ۔ یہ انبیا علیہم السلام جب دنیا میں موجود تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصافِ عالیہ کی نغمہ سرائی کرتے رہے، جیسا کہ عنقریب آئے گا۔ إن شاء اللّٰہ۔ علاوہ ازیں تعجب انگیز امر یہ ہے کہ عیسائیوں میں بعض منصف مزاج مصنف پادری جان ڈیوٹ جیسے آپ کی تعریف میں ’’تائید محمد والقرآن‘‘ لکھنے پرمجبور ہوئے۔ پھر ایک کتاب مسمیٰ بہٖ ’’عرب کا چاند‘‘ ایک ہندو کی تصنیف ہے۔ جس میں نہایت شوق سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریفات کے بیان میں مبالغہ کیا گیا ہے۔ پھر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے معنی جس کی صفت اللہ تعالیٰ انبیا اور ملائکہ سے کرائے اور پھر تمام انبیا کے کمالات کا جامع بھی ہو اور غیر مذہب بھی آپ کی تعریف میں حصہ لیں ، اس کا نام محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی موزوں ہے۔ پس تمام مخلوق سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اعلیٰ و اشرف ہونا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام ہی سے ظاہر ہوتا ہے۔ اگر کسی نبی کے نام کا ترجمہ کیا جائے تو وہ اس کی فضیلت کا اظہار نہیں کرتا، مثلاً حضرت ابراہیم علیہ السلام (بڑے گروہ کا باپ) حضرت اسماعیل علیہ السلام (اے اللہ! میری سن لے) حضرت یعقوب علیہ السلام (پیچھے آنے والا) حضرت یوسف علیہ السلام (زیادہ کیا ہوا) حضرت ایوب علیہ السلام (شیر) ان اسما پر نظر ڈالنے سے انبیا علیہم السلام کی بعض حالتیں معلوم ہوتی ہیں ، فضیلت کا اظہار کرنے سے یہ ترجمے قاصر ہیں ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا دوسرا نام احمد صلی اللہ علیہ وسلم ہے، جو بلحاظِ اشتقاق اور ترجمہ کے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے برابر ہے۔ صرف اتنا فرق ہے کہ یہ مصدر حمد سے بصیغہ اسم تفضیل نکالا گیا ہے، جو نحویوں کے نزدیک زیادہ تر فاعل کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس بنا پر احمد کے معنی بہت زیادہ حمد و ستایش کرنے والے کے ہوئے۔ اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم بہ نسبت پہلے انبیا علیہم السلام کے خدا کی بہت حمد کرنے والے نہ ہوتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام احمد نہ ہوتا، جس کو حمد سے خاص نسبت و تعلق ہے۔ جو کتاب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اتاری گئی، اس میں خدا کی حمد پر نہایت زور دیا گیا ہے۔ اس کی پہلی
[1] مشکاۃ المصابیح (۳/ ۲۷۵)