کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 494
معارضہ کرنا لغو اور باطل ہے۔
علاوہ اس کے اس کا مضمون بھی ایسا شاذ ہے کہ قرآن اور حدیثِ صحیح کے سخت متضاد ہے۔ اول یہ کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا یہ کہنا کہ لوگ کتاب اللہ میں زیادتیاں کر رہے ہیں اور سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ کا سن کر خاموش رہنا ہی نا ممکن ہے۔ قرآن میں کمی بیشی تو از روئے قرآن ہی محال ہے۔ جس کو ایک ادنیٰ درجے کا مسلمان بھی زبان پر لانا کفر سمجھتا ہے، چہ جائیکہ سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابی اس کے مرتکب ہوں ۔
دوم یہ کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ سے یہ کہا کہ اگر حافظ شہید ہو گئے تو قرآن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، لہٰذا اس کو ضرور جمع کرنا چاہیے تو سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو یہ کہہ کر تسلی کیوں نہ کی کہ خطرے کی کوئی بات نہیں ، سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے قرآن کو جمع کر رکھا ہے؟ نیز سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے یہ بھی فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کام نہیں کیا تم کیوں کرتے ہو؟ اس طرح تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور ان کے درمیان مناظرہ ہوتا ہے اور دوسری طرف سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو یہ فرماتے ہیں کہ تم نے اچھا سوچا۔ پس یہ ممتنع امور صاف ظاہر کرتے ہیں کہ یہ واقعہ ہی از سر تاپا غلط اور جھوٹا ہے۔
سیدنا ابو بکر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما کا قرآن جمع کرنا:
سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جنگِ یمامہ کے دنوں میں سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے مجھے بلایا۔ جب میں گیا تو اتفاقاً سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بھی ان کے پاس بیٹھے تھے۔ پھر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے میری طرف مخاطب ہو کر فرمایا کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ میرے پاس اس لیے آئے ہیں کہ یمامہ کے روز بے شک بہت سے حفاظ شہید ہو گئے ہیں اور یہ اندیشہ ظاہر کرتے ہیں کہ اگر میدانِ جنگ میں بہت سے حافظ شہید ہونے لگے تو قرآن کا بہت سا حصہ جاتا رہے گا اور میرا خیال ہے کہ آپ کو قرآن کے جمع کرنے کا حکم کرنا چاہیے۔
میں نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی طرف مخاطب ہو کر کہا کہ جو کام خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں کیا آپ کیسے کریں گے؟ تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: بخدا یہ کام بہتر ہے اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بار بار میرے ساتھ جھگڑتے رہے، یہاں تک کہ ا س کام کے لیے خدا نے میرا سینہ کھول دیا اور میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے