کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 472
سیلاب اس قدر زوروں پر ہے کہ ذرا سے کمزور قدموں والا انسان بھی اس سیلاب میں بہہ جاتا ہے۔ چند احباب نے یہ مفید مشورہ دیاکہ عیسائیت کے اس بڑھتے ہوئے سیلاب کی روک تھام کے لیے ایک ایسی مضبوط دیوار (سدِّ سکندری کی طرح) قائم کرنی چاہیے، جس سے یہ بڑھتا ہوا خطرناک سیلاب زیادہ نہ ہونے پائے۔ ان احباب میں سے فقیر کا حقیقی بھانجا محمد عنایت اللہ (مالک فائن کلاتھ ہاؤس گوجرانوالہ) نے اس کارِ خیر میں بہت سا حصہ لیا۔ اس کتاب کا مسودہ بھی انھوں نے لکھا اور اس کی تصحیح میں بھی کافی سے زیادہ محنت کی، پھر اس کو شائع کرنے کے لیے انتظامات بھی کیے۔ میری دلی دعا ہے کہ خداوند اس کے مال اور ایمان میں اضافہ کرے۔ آمین ان کے علاوہ محترم مولوی محمد رفیق صاحب لائل پور محلہ مدن پور والے اور محترم مولانا محمد رفیق صاحب پسروری اور شیخ محمد اسحاق صاحب (فتح گڑھی) حال گوجرانوالہ وغیرہم ان احباب کے مشورے کے مطابق میں نے اس کتاب کو لکھنے کی کوشش کی ہے کہ ایک ہی وقت میں علماے کرام بھی اور عام آدمی بھی برابر کا فائدہ اٹھا سکے۔ میں نے اس کتاب میں جس قدر دلائل لکھ دیے ہیں ، امید ہے کہ کم علم والا مسلمان بھی عیسائی مبلغین کا منہ بند کر سکتا ہے۔ اس کتاب میں سب سے پہلے قرآن کے متعلق اعتراضات کا جواب دیا گیا ہے اور بعد میں بائبل کی حقیقت واضح کی گئی ہے۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ معاونین حضرات کو اسلام کی مزید خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین احمد دین گکھڑوی