کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 468
عرش ناشر ناظرین! یہ کتاب، جو آپ کے ہاتھ میں ہے، اس کی اشاعت کی غرض و غایت اس کے سوا اور کوئی نہیں کہ عیسائیوں کے اکثر مناظراور پادری مختلف مقامات پر مجمعے لگا کر عیسائیت کی تبلیغ کرتے رہتے ہیں ۔ اس وقت بعض مسلمان دل میں تو برا محسوس کرتے ہیں ، لیکن عیسائیت کے متعلق کچھ واقفیت نہ ہونے کی بنا پر دل ہی دل میں جل کر رہ جاتے ہیں ، لیکن اگر کوئی مسلمان ان مجمع باز منادوں پر کوئی اعتراض کرے تو بجائے اس کے کہ اپنی بائبل کی صفائی پیش کریں ، الٹا قرآن مجید اور اسلام پر برسنا شروع کر دیتے ہیں ، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کمزور اعتقاد والے مسلمان اسلام سے بالکل انکار تو نہیں کرتے، لیکن کچھ نہ کچھ شکوک و شبہات کو اپنے دل میں جگہ دے دیتے ہیں ۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں نے حضرت مولانا کو اس پر آمادہ کیا کہ کوئی ایسی مفید کتاب ضرور لکھیں ، جو ہر طبقے کے لیے یکساں مفید ہو۔ چنانچہ یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک الگ حیثیت رکھتی ہے، جس کو پڑھ کر ایک معمولی علم والا بھی عیسائیوں کو لا جواب کر سکتا ہے۔ پھر اس کتاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ پہلے ان اعتراضات کے، جو مخالفین قرآن پاک کی حفاظت پر کرتے ہیں ، ٹھوس، مدلل اور عام فہم جوابات دیے گئے ہیں ، اور ثابت کیا گیا ہے کہ قرآن مجید آں حضرت سے لے کر آج تک ہر طرح کی کمی بیشی سے محفوظ ہے۔ دوسرے بائبل کی خامیوں اور کمزوریوں کو اس کے اندر ہی سے مختلف طریقوں سے منظر عام پر لایا گیا ہے، تاکہ مخالفین کو انکار کی گنجایش ہی نہ رہے۔ ناشر: عنایت اللہ