کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 455
کسرِ صلیب انجیلوں میں حضرت مسیح اپنے قتل ہونے کی پیشگوئی بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ’’ابنِ آدم آدمیوں کے حوالے کیا جائے گا اور وہ اسے قتل کریں گے۔ اور وہ تیسرے دن زندہ کیا جائے گا۔‘‘ (متی ب ۱۷، درس ۲۲ تا ۲۳) اور مرقس کی روایت میں آتا ہے: ’’ابن آدم آدمیوں کے حوالے کیا جائے گا اور وہ اسے قتل کریں گے اور وہ قتل ہونے کے تین دن بعد جی اٹھے گا۔‘‘ (مرقس ب ۹ درس ۳۱ تا ۳۲) متی کہتا ہے کہ ’’تین دن میں مسیح زندہ کیا جائے گا۔‘‘ اور مرقس اس کی مخالفت کرتا ہوا بیان کرتا ہے: ’’تین دن کے بعد جی اٹھے گا۔‘‘ ان بیانات میں ایسا سخت تناقض ہے جو کسی طرح تطبیق نہیں کھا سکتا۔ معلوم ہوتا ہے کہ صلیب کا واقعہ ہی غلط ہے۔ اور سنیے! جب مسیح زندہ ہو کر آسمان پر چلے گئے تو متی کا بیان ہے: ’’ہفتے کے پہلے دن پوپھٹتے وقت مریم مگدلینی اور دوسری مریم قبر کو دیکھنے آئیں ۔‘‘ (متی باب ۲۸ درس ۲) یوحنا کی روایت میں ہے: ’’ہفتے کے پہلے دن مریم ایسے تڑکے کہ ابھی اندھیرا ہی تھا، قبر پر آئی۔‘‘ (یوحنا ب ۲۰ درس ۱) مرقس اس روایت کی مخالفت کرتا ہوا بیان کرتا ہے: ’’وہ عورتیں ہفتے کے پہلے دن بہت سویرے جب سورج نکلا ہی تھا قبر پر آئیں ۔‘‘ (مرقس ب ۱۶ درس ۲)