کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 43
تعارف اللّٰہم صل علیٰ محمد، و علیٰ آل محمد، کما صلیت علیٰ إبراہیم، وعلیٰ آل إبراہیم، إنک حمید مجید، اللّٰہم بارک علیٰ محمد، و علیٰ آل محمد، کما بارکت علیٰ إبراہیم، و علیٰ آل إبراہیم، إنک حمید مجید۔ یہ کتاب ’’فضائل سیدالعالمین‘‘ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات میں ایک نئے زاویہ نگاہ سے لکھی گئی ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل پر بے سمجھ اور دشمنانِ دین لوگوں نے جو حرف گیری کی ہے، ان کا مدلل اور صحیح حوالوں سے جواب دیا گیا ہے۔ حقیقت میں ان لوگوں نے اپنی کم فہمی اور تنگ نظری سے ایسی ناپاک جسارت کی ہے، ورنہ آفتاب عالم تاب کے طلوع ہونے کے بعد تمام تاریکیاں خود بخود مٹ جایا کرتی ہیں ۔ گر نہ بیند بروز شپرئہ چشم چشمہء آفتاب را چہ گناہ [اگر دن کے وقت الو کو دکھائی نہیں دیتا تو اس میں چشمہ آفتاب کا کیا گناہ ہے] انبیائے سابقین علیہم السلام کے مبارک عہد بھی نیکی اور ہدایت کے سرچشمہ رہے ہیں اور انھوں نے انسانیت کو بڑی بلندی تک پہنچایا ہے، حتیٰ کہ تمام جہان روشنی اور ہدایت سے معمور ہو گیا۔ جلیل القدر انبیاے کرام علیہم السلام ، مثلاً: حضرت آدم علیہ السلام ، حضرت نوح علیہ السلام ، حضرت ابراہیم علیہ السلام ، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے توحید کی دعوت سے دنیا کو آشنا کیا اور باطل کے بتوں کو پاش پاش کر دیا، مگر یہ دعوت مختلف اقطاع ِعالم اور قرنوں تک محدود رہی اور آخر رحمتِ خداوندی جوش میں آئی تو ایک ہمہ گیر اور عالمگیر ضابطہ اور قانون قرآن مجید کی صورت میں سیدالعالمین۔ علیہ التحیۃ والسلام۔ کی زبان مبارک پر جاری فرمایا اور اس کے متعلق حکم دے دیا: ﴿وَمَا اَرْسَلْنٰکَ اِلَّا رَحْمَۃً لِّلْعٰلَمِیْنَ﴾ [الأنبیائ: ۱۰۷]