کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 428
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم دیباچہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، وَالصَّلاَۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ وَأَصْحَابِہٖ أجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَا أرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ۔ سببِ تالیف: عاجز احمد الدین جمیع برادران اسلام کی خدمت میں عرض پرداز ہے کہ ایک رسالہ مسمی بہ ’’میں مسیحی کیوں ہو گیا؟‘‘ عاجز کی نظر سے گزرا، جس کے مصنف جناب پادری سلطان محمد صاحب افغانستانی ہیں ۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ میں اسلام کو چھوڑ کر اس لیے عیسائی ہوا کہ اسلام میں نجات نہیں پائی جا سکتی اور عیسائیت میں مجھے نجات مل گئی۔ چند احباب نے اس کا جواب لکھنے کی مجھے ترغیب دی۔ خصوصاً مولوی محمد رفیق صاحب پسروری (محلہ مدن پورہ) شاعرِ اسلام جناب محمد سعید صاحب الفت، شیخ محمد اسحاق صاحب گوجرانوالہ (مہاجر) اور جناب عنایت اللہ صاحب کھوکھرکی والے وغیرہ۔ اس رسالے کا جواب حضرت شیخ الاسلام جناب مولانا ثناء اللہ صاحب رحمہ اللہ (امرتسری) نے اخبار اہلِ حدیث میں قسط بہ قسط شائع کیا۔[1] (اخبار کے وہ پرچے مجھے دستیاب نہیں ہوئے) بعد ازاں اس کا جواب الجواب پادری صاحب نے، وہ آیات اور احادیث جن سے استدلال کرتے ہوئے اسلامی نجات کی نفی کی، بالتفصیل لکھ کر شائع کیا اور اس کا نام ’’شیرا فگن‘‘ رکھا۔ چونکہ مولانا ثناء اللہ صاحب رحمہ اللہ کا لقب ’’شیر پنجاب‘‘ تھا، اس لیے پادری صاحب نے رسالے کا نام ’’شیرا فگن‘‘ رکھا۔