کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 421
اب ہم اس مشکل امر کو ایک مثال سے حل کرتے ہیں ، مثلاً: ایک دولت مند شخص نے اعلیٰ درجے کی ایک تولہ چاندی کو خرید کیا، جس کی قیمت زیادہ سے زیادہ دو یا اڑھائی روپے ہے۔ اس کے ساتھ اس نے اعلیٰ درجے کا ایک تولہ سونا بھی خرید کیا اور اس کی قیمت بہ نسبت چاندی کے ایک سو پینتیس روپے تک پہنچ گئی، ا س نے چاندی کو ڈبیہ میں ڈال کر ایک صندوق میں بند کرتے ہوئے اپنے مکان کی ساتویں منزل پر رکھ دیا اور سونے کو ڈبیا میں ڈال کر اپنے مکان کی پہلی منزل پر زمین میں دفن کر دیا۔ پھر کچھ عرصے کے بعد ان دونوں کو نکال کر بازار میں فروخت کرتا ہے، تو یقینا بہ نسبت چاندی کے سونے کی قیمت از حد زیادہ ہے۔ سونا اگرچہ زمین کے نیچے ہو وہ سونا ہی ہے اور چاندی اگرچہ اوپر رکھی جائے تو سونا نہیں بن سکے گی۔ ٹھیک اسی طرح محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو زمین میں مدفون کیا، تا ہم ان کی شان میں کسی قسم کی کمی نہیں آتی۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اگر آسمان پر چلے جائیں یا زمین میں مدفون رہیں ۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم ، محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں ۔ فافہم مسیحی دوستوں کی خدمت میں مؤدبانہ گزارش: مسیحی دوستو! آپ پادری ٹھاکرداس کی طرح پیغمبرِ اسلام پرطعن و توہین وتذلیل آمیز الفاظ استعمال کرنے سے پرہیز کیا کریں ۔ آپ نے دیکھا کہ پادری ٹھاکر داس نے سب و شتم و توہین و ہتک کی چادر بن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک پر پردہ ڈالنا چاہا۔ ہم نے تحقیقِ حق کی قینچی سے اس چادر کو پارہ پارہ کر کے دور کر دیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ پاک کو اظہر من الشمس ثابت کر دیا۔ اگر کسی پادری صاحب کو اسلام کے کسی اصولی مسئلے پر شبہہ ہو تو وہ مجھ سے زبانی گفتگو کر کے بصورت مناظرہ اپنی تسلی کر سکتا ہے، بشرطیکہ پہلے وہ چیلنج کرے۔ میں احمد دین گکھڑوی، خدا کے فضل وکرم سے تاحال زندہ موجود ہوں ۔ آخر میں ہم بطور خیر خواہی کے آپ کو ایک نصیحت کرنا چاہتے ہیں ۔ مسیح علیہ السلام کے قول کی پیروی کرتے ہوئے زبان کو سب وشتم سے روک رکھیں ۔ پادری صاحبان کو اس فرمان کی عزت کرتے ہوئے اپنی زبان کو پیغمبرِ اسلام کی شان میں سب وشتم وغیرہ استعمال کرنے سے روک رکھنا چاہیے۔ یہ آپ کی سعادت مندی ہو گی۔ ورنہ آپ کے مذہب کی بھی الزامی طور پر ایسی گت بنائی جائے گی کہ نانی یاد آ جائے گی۔