کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 403
کیونکہ ابھی تک میرا وقت پورا نہیں ہوا۔ یہ باتیں ان سے کہہ کر وہ گلیل میں رہا۔ لیکن جب اس کے بھائی عید پر چلے گئے، اس وقت وہ بھی گیا، ظاہر نہیں بلکہ پوشیدہ۔ اس بیان سے حضرت مسیح علیہ السلام کے اپنے بھائیوں کو فریب دینے اور وعدہ خلافی کرنے کی بھی وضاحت ہو گئی، جب کہ اس کا عید میں جانے کا وقت پورا ہی نہ ہوا تھا تو وہ ان سے چھپ کر عید میں کیوں چلا گیا؟ اگر وقت پورا ہو چکا تھا تو اسے عید میں ظاہر ہو کر جانا ضرور تھا۔ پس اس سے اس کا فریب دینا ثابت ہو گیا۔ یاد رہے کہ کسی کو فریب دینا بنسبت فریب کھانے کے زیادہ بدتر ہے۔ کیوں پادری صاحب یہ خدا کا بیٹا، بلکہ آپ کا کامل خدا ہے؟ جو شیطان کے فریب سے ایسا مغلوب ہوا کہ اس کو علم تک نہ تھا کہ یہ شیطان مجھے دھوکا دے رہا ہے۔ یہ خدا نہیں ، بلکہ انسان ہے، کیوں کہ اسے غیب کا علم نہیں ہے۔ اب بھی آپ پیغمبرِ اسلام کی ذات پر شیطانی فریب کھانے کا طعن کریں گے، جب کہ آپ کا خدا ہمیشہ کے لیے شیطان کا مغلوب ومقہور ٹھہرا یا کم از کم اس سے دھوکا کھاتا رہا۔[1]