کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 400
کے بھائی آئے اور باہر کھڑے ہو کر اسے بلوا بھیجا۔ اس نے انھیں جواب دیا: کون ہے میری ماں اور میرے بھائی؟ اور ان پر، جو اس کے گرد بیٹھے تھے، نظر کر کے کہا: دیکھو! میری ماں اور میرے بھائی یہ ہیں ، کیونکہ جو کوئی خدا کی مرضی پر ہے، وہی میرا بھائی بہن اور ماں ہے۔ (مرقس باب ۳ درس ۳۱ تا ۳۵) اس سے ظاہر ہے کہ حضرت مسیح علیہ السلام کی سگی والدہ اور مادر زاد بھائی بقول اس کے، خدا کی مرضی کے خلاف چلتے تھے، جس کی وجہ سے اس نے ان سے ملاقات نہ کی اور عدمِ محبت وبد خواہی کا اظہار کیا اور اپنے ہم خیال لوگوں کو بجائے ان کے رشتے دار سمجھا۔[1] چونکہ قرآن کی آیت اور حضرت مسیح علیہ السلام کے قول اور فعل میں مساوات ہے، لہٰذا پادری صاحب کو اسے بھی حضرت مسیح علیہ السلام کے دل کا خبث مان لینا چاہیے۔ چونکہ پادری صاحب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف خباثت کی نسبت کر کے اپنی عاقبت کو سیاہ کر ڈالا، لہٰذا ہم نے بھی ان پر الزام قائم کرنے کے لیے بقول ان کے حضرت مسیح علیہ السلام کی خباثت کو لکھ دیا ورنہ ہمارا اعتقاد اس کے سخت خلاف ہے۔ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام بلکہ تمام انبیا علیہم السلام کے دل کو ہر قسم کے گناہ اور خباثت کی آلایش سے بالکل منزہ، طیب اور صاف سمجھتے ہیں اور ان کی ذرہ بھر توہین کو کفر جانتے ہیں ۔