کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 38
تمہید از مصنف
الحمد للّٰہ رب العالمین، والصّلاۃ والسّلام علیٰ أفضل الخلآئق محمد و علیٰ آلہ و أصحابہ أجمعین۔
احقر العباد احمد دین گکھڑوی ’’فضائل سیّدالعالمین‘‘ کو ہدیہ ناظرین کرتا ہے۔ اس کی تصنیف کا باعث یہ ہوا کہ مولوی عبدالسلام صاحب پونچھوی مقام سفیدہ والے تحصیلِ علم کے لیے کچھ مدت میرے پاس ٹھہرے۔ جب اس سے فارغ ہو چکے تو کہنے لگے کہ ایک مضمون اس قسم کا قلم بند کرنا چاہیے جو وعظ میں بیان کیا جائے، جس سے سامعین کے دل میں لطافت، دلچسپی، حبِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کا اشتیاق پیدا ہو۔ پس حسبِ ارشاد ان کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل کا مضمون تجویز کیا گیا کہ نہایت عزیز اور دلکش ہے۔ پھر اس کے بعد حافظ محمد یوسف گکھڑوی (مالک سکول بک ڈپو گوجرانوالہ) نے دوبارہ اس کے لکھنے کی ترغیب دی اور اس کی اشاعت میں نہایت جانفشانی سے کوشش بھی کی۔ خدا جزائے خیر دے۔ چناں چہ اس کو ترتیب دے کر دوبارہ لکھا گیا اور بعض مقامات میں ترمیم بھی کی گئی۔
رسالہ ہذا میں مندرجہ ذیل امور کاالتزام کیا گیا ہے:
1۔ان آیات و احادیث کا ذکر جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور معجزات وغیرہ کے علاوہ ہیں ۔ جو فضائل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات سے ثابت ہوتے ہیں ، ان کا ذکر ہم نے اپنی کتاب ’’برہان الحق‘‘ میں کر دیا ہے۔ محبانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ضرور اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
2۔حتیٰ الامکان اس میں حدیث صحیح اور حسن ہی پر اکتفا کیا گیا ہے، مگر بعض مقامات میں حدیث معروف کو جس میں خفیف سا ضعف ہے اور مضمون کے لحاظ سے احادیث کے عین مطابق ہے، اس کو بموجب اصولِ محدثین بطور استشہاد و متابعت کے درج کیا گیا ہے۔
3۔فضائل پر سے شبہات کا ازالہ حتیٰ الامکان تحقیقی جواب سے کیا گیا ہے، مگر بعض مقامات اس