کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 34
مولانا گکھڑوی مرحوم نے درج ذیل کتب بھی تصنیف کی تھیں :
1۔ اسلام کی حقیقت (۴۰۰ صفحات)
2۔ اسلام اور عیسائیت کی حقیقت۔
3۔ قرآن اور عیسائیت کی حقیقت۔
4۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی مکی زندگی اور اس کی حقیقت۔ (مولانا احمد دین گکھڑوی از مولانا محمد اسحاق بھٹی، ص: ۲۰۳)
4۔ محترم جناب حکیم عتیق الرحمن وزیر آبادی نے مولانا احمد دین گکھڑوی رحمہ اللہ کی ایک تصنیف ’’وہ اپنے عہد کا نبی اور رسول‘‘ کا ذکر کیا ہے، جو سکول بک ڈپو کے زیرِ اہتمام شائع ہوئی تھی۔[1]
تلاشِ بسیار کے باوجود ان مسودات اور کتب میں سے ہمیں کوئی چیز دستیاب نہیں ہوسکی۔ اگر مولانا گکھڑوی مرحوم کی تصانیف یا مضامین میں سے آیندہ ہمیں کوئی تحریر ملی تو اُسے بھی اس مجموعے کے اگلے اِڈیشن میں شامل کر دیا جائے گا۔ ان شاء اللّٰه
اسلوبِ تحقیق:
1۔ زیرِ نظر مجموعہ میں آیات کے ساتھ سورتوں کے نام اور ان کی ترقیم کا اہتمام کیا گیا ہے، کیوں کہ مولف رحمہ اللہ نے عموماً آیات کو سورت کے نام اور آیت نمبر کے بغیر ہی ذکر کیا تھا۔
2۔ تمام احادیث و آثار کی مقدور بھر تحقیق و تخریج کی گئی ہے۔ جس حدیث کے ضعف کی علت و سبب پر اطلاع ہوئی، اسے اختصار کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے، کیوں کہ عصرِ حاضر میں قلتِ علم اور انتشارِ جہل کے سبب اگر کسی ضعیف یا موضوع روایت کا ذکر سببِ وضع یا علتِ ضعف کو بیان کیے بغیر کیا جائے تو اس کے نتیجے میں کئی طرح کے مفاسد اور نقصانات کے جنم لینے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
3۔ تمام عبارات کا حتی الامکان اصل مصادر و مراجع کو مد نظر رکھتے ہوئے مقارنہ کیا گیا ہے، جس کی بدولت کئی طباعتی اغلاط کی تصحیح ہوگئی ہے۔
4۔ بعض مقامات پر حسبِ ضرورت عناوین کا اضافہ کیا گیا ہے۔
[1] مولانا احمد دین گکھڑوی از مولانا محمد اسحاق بھٹی (ص: ۲۰۳) حضرت مولانا محمد ابراہیم میر سیالکوٹی رحمہ اللہ نے بھی اسی نام ’’وہ اپنے عہد کا نبی اور رسول‘‘ سے ایک کتاب لکھی تھی۔