کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 327
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دوڑ
سیرت:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کم سن تھیں ، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے خوش کرنے کے لیے ان کے ساتھ کھیل بھی کرتے۔
بصیرت:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ وہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں شریک تھیں ۔ انھوں نے فرمایا: میں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دوڑ لگائی اور میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے آگے گزر گئی۔ پس اس کے بعد میرا وجود فربہ ہو گیا تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دوڑ لگائی، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے آگے گزر گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ گزرنا پہلے گزرنے کے عوض میں ہے۔ (أبو داود، مشکاۃ کتاب النکاح باب عشرۃ النساء) [1]
یعنی پہلے تو مجھ سے دوڑ کر آگے گزر گئی، اس کے بعد میں تجھ سے اس دوڑ میں آگے گزرا۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا پر اس امر کا اظہار کر دیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وجودِ اطہر قوت اور طاقت سے لبریز تھا۔ اس و جہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات کو عموماً اور خصوصاً حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زبر دست محبت تھی۔