کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 286
کرتے ہیں کہ وہ اس کو خدا کا کلام مانتے ہیں ۔ ملاحظہ ہو سموئیل کی دوسری کتاب باب ۱۱: ’’ایک دن شام کو ایسا ہوا کہ داؤد علیہ السلام اپنے بچھونے پر سے اٹھا اور بادشاہی محل پر ٹہلنے لگا اور وہاں سے اس نے ایک عورت کو دیکھا جو نہا رہی تھی اور وہ نہایت خوبصورت تھی۔ داؤد علیہ السلام نے لوگ بھیج کر اس عورت کو بلا لیا۔ چنانچہ وہ اس کے پاس آئی اور وہ اس سے ہم بستر ہوا، کیونکہ وہ اپنی ناپاکی سے پاک ہوئی تھی اور وہ اپنے گھر چلی گئی اور وہ عورت حاملہ ہو گئی۔ سو اس نے داؤد علیہ السلام کے پاس خبر بھیجی کہ میں حاملہ ہوں ۔ اس کے بعد ذکر ہے کہ حضرت داؤد علیہ السلام نے یوآب کی معرفت اوریاہ کو سخت لڑائی میں بھیج کر مروا ڈالا اور اس کے مرنے کے بعد لکھا ہے کہ اوریاہ کی جورو اپنے شوہر اوریاہ کا مرنا سن کر سوگ میں بیٹھی اور جب سوگ کے دن گزر گئے تو داؤد علیہ السلام نے اسے اپنے گھر میں بلوا لیا اور وہ اس کی جورو ہوئی اور اس کے لیے بیٹا جنی۔ پر وہ کام جو داؤد علیہ السلام نے کیا تھا خداوند کی نظر میں برا ہوا۔‘‘ اس کا یہ مطلب نہیں کہ خدا نے زنا کاری کو برا جانا۔ اگر زنا کو برا سمجھا جاتا تو اس کا ذکر بھی ضرور کیا جاتا، بحالیکہ خدا نے اوریاہ کے قتل کرانے کو، اس کی عورت کو جورو بنانے کو ناپسند فرمایا (باب ۱۲ درس ۹) خدا نے حضرت داؤد کو حکم کیا کہ سو تو نے کیوں خداوند کے حکم کی تحقیر کی کہ تو نے اوریاہ کو تیغ سے قتل کروایا اور اس کی جورو کو اپنی جورو بنایا، لیکن خدا کی اس ملامت کا بھی یقین نہیں ، اس لیے کہ حضرت داؤد علیہ السلام خدا تعالیٰ سے الہام پاکر اپنی عصمت کا زبردست اقرار کرتے ہیں کہ میں نے خداوند کی راہیں یاد رکھیں اور شرارت کر کے اپنے خدا سے منہ نہ موڑا، کیونکہ اس کی ساری عدالتیں میرے زیر نظر ہیں اور اس کے حکموں کو میں نے اپنے سے دور نہیں کیا۔ میں اس کے ساتھ سیدھا رہا اور میں نے اپنے آپ کو اپنی بدکاری سے پاک رکھا۔ سو خداوند نے میری صداقت کے مطابق اور میری پاک دامنی کے موافق جو اس کی آنکھوں کے سامنے تھی مجھ کو جزا دی۔ (زبور باب ۱۸ درس ۲۱ تا ۲۵) شاید کسی کی عورت ننگی غسل کرتے دیکھ کر، بخیال پادری صاحب کے، شہوت کا بھڑکنا اور اسے بلا کر اتنا زنا کرنا کہ وہ حاملہ ہو جائے اور اس کے شوہر کو فریب سے قتل کروا دینا اور اس کی عورت پر غاصبانہ قبضہ کرنا خدا کی راہیں اور اس کے احکام ہوں گے، جن کو حضرت داؤد علیہ السلام نے یاد رکھا اور فراموش نہ کیا۔ اگر یہ افعال شرارت اور بدکاری کے خلاف ہوتے تو آپ بموجب اپنے اقرار ان کے قریب تک نہ جاتے۔
[1] بائبل میں انھیں خدا کا بیٹا کہہ کر پکارا گیا ہے، جس سے ان کی برگزیدگی اور نیک نامی عیاں ہوتی ہے۔ (زبور: ۲: ۷، ۱۔ تواریخ: ۲۲: ۱۰) [خاور رشید]