کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 255
ہے کہ ان کو تہ تیغ کرو، پھر ان کی فتح کو ہماری فتح کہتا ہے۔ پس سماجیوں کی فتح، خدا کی فتح ہوئی۔
اگر یہ جنگ و جدال مذہب پھیلانے کے لیے نہ ہوتا تو اس کو اپنی فتح کہہ کر دشمنوں کو تہ تیغ کرنے کا حکم ہی نہ دیتا۔ الہامی کتابوں میں جس جنگ کا خدا حکم کرے وہ مذہبی ہی ہوتا ہے، خواہ اس کے ضمن میں سیاست کو بھی ملحوظ رکھا جائے۔ پھر طُرفہ یہ کہ وید منتر میں یہ ہر گز نہیں بتایا گیا کہ اگر دشمن پہلے چھیڑ خانی کریں تو اس سے مدافعانہ جنگ کی جائے۔ بلا قصور ظلم و فساد سے کسی کو قتل کرنا گناہ ہے۔
سماجی مترو! اسلامی جہاد پر طعن کرتے وقت ان وید منتروں کو ضرور ملحوظ رکھا کرو۔ یہ بزبانِ حال تمھیں نصیحت کر رہے ہیں کہ تم اسلامی جہاد پر طعن کر کے الزاماً ہماری سخت بے عزتی کرا رہے ہو، اس لیے کہ ہم میں اسلامی جہاد کی بہ نسبت بلا قصور کسی کو قتل کرنے پر سخت زور دیا گیا ہے، لہٰذا آپ کو اسلام پر طعن کرنے سے ضرور منہ کو بند رکھنا چاہیے۔ اس منتر میں بھی وید کے بنائے جانے سے پہلے دنیا میں انسانوں کی آبادی کا ذکر ہے۔ پس وید حادث ہیں ، قدیم نہیں ۔ اب ہم سوامی جی کی حیرت انگیز چالاکی پر تعجب کرتے ہوئے ان کے قلم سے جنگ کا ثبوت دیتے ہیں ۔