کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 24
مجموعہ رسائل:
زیرِ نظر مجموعہ میں ہم نے مولانا گکھڑوی کی اِنھیں تحریری و قلمی خدمات کو جمع کیا ہے، جس میں ان کی رقم کردہ تمام تصانیف، مضامین اور فتاویٰ وغیرہ شامل ہیں ۔ ذیل میں ان کا مختصر تذکرہ و تعارف ملاحظہ کریں ۔
1۔ فضائلِ سید العالمین صلی اللہ علیہ وسلم :
مولف رحمہ اللہ نے اس کتاب میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل و مناقب اور خصائص کا تذکرہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں قرآنِ مجید کی چھبیس آیات ذکر کی گئی ہیں اور ضمناً جا بہ جا احادیثِ نبویہ کو بھی معرضِ استدلال میں پیش کیا گیا ہے۔ مولف رحمہ اللہ نے ان فضائل کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے:
1۔ وہ خصائص جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا میں بارگاہِ الٰہی سے عطا ہوئے۔
2۔ وہ مناقب اور درجات جو آخرت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ملیں گے۔
3۔ وہ فضائل جو پیدایش سے قبل ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حصے میں آئے تھے۔
اس کتاب کی وجۂ تصنیف اور اسلوبِ تالیف ذکر کرتے ہوئے محترم مولف فرماتے ہیں :
’’اس کی تصنیف کا باعث یہ ہوا کہ مولوی عبدالسلام صاحب پونچھوی تحصیلِ علم کے لیے کچھ مدت میرے پاس ٹھہرے۔ جب اس سے فارغ ہو چکے تو کہنے لگے کہ ایک مضمون اس قسم کا قلم بند کرنا چاہیے جو وعظ میں بیان کیا جائے، جس سے سامعین کے دل میں لطافت، دلچسپی، حبِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کا اشتیاق پیدا ہو۔ پس حسبِ ارشاد ان کے؛ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل کا مضمون تجویز کیا گیا کہ نہایت عزیز اور دلکش ہے۔‘‘
مزید فرماتے ہیں :
’’رسالہ ہذا میں مندرجہ ذیل امور کاالتزام کیا گیا ہے:
1۔ ان آیات و احادیث کا ذکر جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور معجزات وغیرہ کے علاوہ ہیں ۔ جو فضائل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات سے ثابت ہوتے ہیں ، ان کا ذکر ہم نے اپنی کتاب ’’برہان الحق‘‘ میں کر دیا ہے۔ محبانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ضرور اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
2۔ حتیٰ الامکان اس میں حدیث صحیح اور حسن ہی پر اکتفا کیا گیا ہے، مگر بعض مقامات میں