کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 194
تھے۔ پس صحابہ کا اس اعلان کو سن کر خاموش رہنا، اس پر کسی قسم کا اعتراض نہ کرنا، ان کے اجماعِ اقراری پر دال ہے، یعنی صحابہ کا اجماعی عقیدہ تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم معصوم اور بے عیب تھے، بلکہ تمام انبیاے سابقہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عصمت میں شریک تھے۔ چونکہ انبیا علیہم السلام پیدایش میں دوسرے انسانوں کی طرح انسان تھے اور ان کے ہاتھ پر خدا کے قدرتی افعال و معجزات ظاہر ہوا کرتے تھے اور اس کے ساتھ ان سے بتقاضائے بشریت اجتہادی غلطی اور سہواً لغزش بھی ہو جایا کرتی ہے، جو گناہ نہیں ہے، تاکہ عوام لوگ عیسائیوں کی طرح ان معجزات کو دیکھ کر ان کو خدا ہی خیال کرنے نہ لگ جائیں ۔ سہو و نسیان ان کے بشر ہونے اور غیب نہ جاننے پر زبردست شہادت تھی۔ عیسائیوں کے نزدیک تمام پیغمبر معاذ اللہ گناہ گار ہیں ، صرف حضرت مسیح علیہ السلام ہی پاک ہیں ۔ اب پادری صاحب کے اعتراضات کا جواب دیا جاتا ہے، ناظرین غور سے سنیں ! ٭٭٭
[1] صحیح البخاري، رقم الحدیث (۳۳۶۷) صحیح مسلم، رقم الحدیث (۲۳۲۷) [2] تاریخ الخلفاء (ص: ۳۴)