کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 111
عظمت کے اعتبار سے بہت وسیع تھے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق کی صفت عظیم لائی گئی ہے اور کسی نبی کے خلق کی ایسی صفت قرآن و حدیث میں مذکور نہیں ۔ لہٰذا آپ کو خاص طور پر باعتبار خلق عظیم کے بھی عظیم الشان شرف حاصل ہے۔ حضرت موسیٰ اور ہارون علیہ السلام کو خدا نے رسول بنا کر فرعون کے پاس تبلیغ کے لیے بھیجا توان کو خاص ارشاد فرمایا:
﴿فَقُوْلَا لَہٗ قَوْلًا لَّیِّنًا لَّعَلَّہٗ یَتَذَکَّرُ اَوْ یَخْشٰی﴾ [طٰہٰ : ۴۴]
’’یعنی تم دونوں فرعون کو نرم بات کہو، شاید کہ وہ نصیحت پکڑے یا ڈرے۔‘‘
یہ آیت پتا دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ و ہارون علیہ السلام کی طبیعت کو بوقتِ تبلیغ کہہ کر نرم کیا۔ بخلاف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ مخزنِ حلم تھے، رحمت اور شفقت کے معدن تھے، بوقت سختی کرنے کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہہ کر سخت کیا جاتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
﴿یَاَیُّھَا النَّبِیُّ جَاھِدِ الْکُفَّارَ وَالْمُنٰفِقِیْنَ وَاغْلُظْ عَلَیْھِمْ﴾ [التحریم:۹]
’’اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم !کفار اور منافقین سے جہاد کرو اور ان پر سختی بھی کرو۔‘‘
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت میں حلم اور شفقت اور رحمت بہ نسبت غضب کے غالب تھا، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت مبارکہ حضرت موسیٰ و ہارون علیہما السلام کے برعکس تھی۔ فافہم
سعد بن ہشام کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں عرض کی:
’’اے ام المومنین! مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق کی خبر دو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: کیا تو قرآن نہیں پڑھتا؟ میں نے کہا: کیوں نہیں ! یعنی پڑھتا ہوں ۔ فرمانے لگیں : حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا خلق قرآن تھا۔‘‘ (مسلم و مشکاۃ، باب الوتر) [1]
تفسیر ابنِ کثیر میں زیرِ آیت مذکورہ بالا اس حدیث کے یہ معنی بیان کیے گئے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم طبعی طور پر نرمی و شفقت اور حلم کا منبع ہونے کے سبب اپنی طبیعت مبارکہ کو قرآن کے احکام کے مطابق کر لیا کرتے تھے، جیسا کہ ظالموں سے مقابلہ کرنا، زانیوں ، فسادیوں ، شرابیوں ، شریروں وغیرہ کو سزا دینا اور ضعیف مسلمانوں کو ان کے ظلم و فساد اور شرارت سے محفوظ کرنا؛ یہ خلق عظیم کی ایک اعلیٰ قسم ہے، کیونکہ ایسے موقعے پر برے لوگوں کی برائیوں کا سدِباب نہ کر کے نرمی ہی سے کام لینا خلقِ عظیم کی نوع اور اچھی
[1] صحیح مسلم، رقم الحدیث (۷۴۶)